میرے مطابق

تاریخ میں دس اپریل کو کیا کیا ہوا؟

syed sardar ahmed pirzada

گزشتہ روز 10 اپریل کی تاریخ گزری ہے۔ 10 اپریل کی تاریخ دنیا بھر اور خاص طور پر پاکستان میں بہت سے واقعات کے اعتبار سے اہم ہے۔ آئیے اِن واقعات کی مختصر سی ٹائم لائن دیکھتے ہیں جو دلچسپی سے بھرپور ہے۔ کیلنڈر کا 100 واں دن دس اپریل کہلاتا ہے جس کے بعد سال میں 265 دن رہ جاتے ہیں۔ اپریل کی دس تاریخ مختلف ممالک کے نیوکلیئر ٹیسٹوں کے حوالے سے چونکا دینے والا ڈیٹا رکھتی ہے۔ یہ محض اتفاق تھا یا کوئی اور وجہ کہ سوویت یونین، امریکہ اور فرانس نے اپنے نیوکلیئر ٹیسٹ کے لیے مختلف پانچ برسوں میں دس اپریل کے دن کو ہی چُنا۔ ترتیب کے مطابق سوویت یونین نے دس اپریل 1957 ء، امریکہ نے دس اپریل 1963 ء، دس اپریل 1968 ء، دس اپریل 1986 ء اور فرانس نے دس اپریل 1981 ء کو اپنے اپنے نیوکلیئر ٹیسٹ کیے۔

نیوکلیئر دھماکوں کے علاوہ کچھ دوسرے دھماکہ خیز واقعات بھی دس اپریل کو ہی رونما ہوئے جنہوں نے مستقبل کی انسانی تاریخ پر اہم اثرات مرتب کیے۔ مثلاً برطانیہ نے دس اپریل 1710 ء کو کاپی رائٹ کے ضابطہ کار کا پہلا قانون ایشو کیا جس کے بعد اصل مسودے کے مصنف کو قانونی تحفظ ملا۔ امریکی صحافت کا مشہور اخبار نیویارک ٹریبیون نامور صحافی ہوریس گریلی کی ایڈیٹرشپ میں دس اپریل 1841 ء کو شائع ہونا شروع ہوا۔ امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیواورلینز میں دس اپریل 1872 ء کو سیاہ فام لوگوں کا پہلا ”نیشنل بلیک کنونشن“ منعقد ہوا۔ امریکہ میں سیاہ فاموں کی دس اپریل کے دن شروع ہونے والی سیاسی بیداری کے 137 برس بعد باراک اوبامہ پہلے سیاہ فام امریکی صدر بنے۔ تفریح اور مختصر سفر کی سہولت کے لیے کیبل کار کا تصور بھی پہلی مرتبہ دس اپریل 1878 ء کو امریکہ میں کیلیفورنیا سٹریٹ کیبل کار ریل روڈ کمپنی پراجیکٹ کے نام سے شروع ہوا۔ جاپان کے سیاسی جمہوری سفر میں بھی دس اپریل بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ دس اپریل 1946 ء کو پہلی مرتبہ جاپان کی پارلیمنٹ کے لیے انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ امریکہ اور چین کے درمیان اہم ترین سفارت کاری کا واقعہ پنگ پونگ ڈپلومیسی ہے جس کے تحت امریکی ٹیبل ٹینس ٹیم دس اپریل 1971 ء کو چین پہنچی۔ امریکہ اور چین کے درمیان یہ سفارتی تعلقات قائم کرنے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایران میں دس اپریل 1972 ء کو سات اعشاریہ صفر شدت کا زلزلہ آیا جس سے صوبہ فارس کی آبادی کا پانچواں حصہ مکمل طور پر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اِسی دن یعنی دس اپریل 1972 ء کو امریکہ، سوویت یونین اور 70 دیگر ممالک بائیولوجیکل ہتھیاروں پر پابندی لگانے پر متفق ہوئے۔

دنیا کے افسانوی بحری جہاز کا درجہ رکھنے والے ٹائی ٹینک نامی شپ نے برطانیہ کے ساحلی شہر ساؤتھمپٹن سے نیویارک کے لیے اپنے سفر کا آغاز دس اپریل 1912 ء کو کیا۔ اس میں تقریباً دو ہزار دو سو چوبیس مسافر اور عملے کے افراد سوار تھے۔ یہ جہاز اپنے پہلے اور آخری سفر کے دوران ہی سمندر میں آئس برگ سے ٹکرا کر پاش پاش ہو گیا۔ ہالی ووڈ کے شہرۂ آفاق مصری ایکٹر عمر شریف دس اپریل 1932 ء کو سکندریہ مصر میں پیدا ہوئے۔ ان کی مشہور فلموں میں دا جیول آف دا نائل، فنی گرل، ڈاکٹر ژواگو، چنگیز خان اور لارنس آف عربیہ وغیرہ شامل ہیں۔

پاکستان کے حوالے سے بھی دس اپریل کی تاریخ خاص اہمیت کی حامل ہے۔ دس اپریل 1973 ء کو پاکستان کا تیسرا آئین پارلیمنٹ سے منظور ہوا جسے 14 اگست 1973 ء کو نافذ کیا گیا جو اَب تک نافذ العمل ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد بینظیر بھٹو اپنی جلاوطنی ختم کر کے دس اپریل 1986 ء کو لاہور پہنچیں۔ دس اپریل 1988 ء کا دن راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری کبھی نہیں بھول سکتے جب صبح سویرے پوری فضاء میزائلوں کے دھماکوں سے گونج اٹھی کیونکہ جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع اسلحہ ڈپو اوجڑی کیمپ پھٹ گیا جس میں سٹور کیے ہوئے میزائل اڑ اڑ کر گرنے لگے۔ دس اپریل 1988 ء کا یہ دن سعودی عرب میں مقیم 29 برس کے ایک پاکستانی نوجوان بھی کبھی نہیں بھول سکتے کیونکہ اسی اوجڑی کیمپ سے نکلنے والے ایک میزائل نے ان کے والد کی چلتی گاڑی کو ہٹ کیا جس میں اُن کے والد وفاقی وزیر خاقان عباسی جاں بحق ہو گئے اور ان کے بڑے بھائی زخمی ہو کر تقریباً 17 برس تک بیہوشی کی حالت میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ اُس نوجوان شاہد کو ہم شاہد خاقان عباسی کے نام سے جانتے ہیں جو بعد میں پاکستان کے وزیراعظم بھی بنے۔ پاکستان کے دستور میں مشہور زمانہ 18 ویں ترمیم بھی دس اپریل 2010 ء کو منظور ہوئی۔ دس اپریل 2022 ء کی تاریخ کا آغاز ہوتے ہی پاکستان کی قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک منظور کی۔ ملک کی اب تک کی تقریباً 79 برس کی ہسٹری میں وزیراعظم کے خلاف منظور ہونے والی عدم اعتماد کی یہ پہلی تحریک تھی۔ دس اپریل 2024 ء بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اُس دن پورے پاکستان نے اتفاق کے ساتھ ایک ہی دن عیدالفطر منائی۔

اگر یہ کہا جائے کہ دس اپریل 2026 ء بنی نوع انسان کی تاریخ میں اہم ترین دن ہے جس کا سہرا پاکستان کے سر سجا ہے تو غلط نہ ہو گا۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کی حالیہ جنگ جو کہ تیسری عالمی جنگ میں تبدیل ہو رہی تھی اور خدشہ تھا کہ ایرانی تہذیب کو ختم کرنے کے لیے ایٹمی ہتھیار استعمال کیے جائیں گے لیکن پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک مخلصانہ کوششوں نے انسانیت کی اِس تباہی کو وقتی طور پر رکوا دیا جس کے بعد دس اپریل 2026 ء کو اسلام آباد میں امن مذاکرات کا اعلان کیا گیا اور ایک دوسرے کے جانی دشمن ممالک پاکستان کی میزبانی میں امن اور صلح کے معاہدے پر غور کرنے لگے۔ اِن کوششوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان اور اس کی سول و عسکری قیادت کو بے حد عزت و احترام کی نظروں سے دیکھا جانے لگا ہے۔ پاکستان کی اِس سفارت کاری کو تاریخ کی مشکل ترین اور کامیاب ترین سفارت کاری کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ آئندہ آنے والے برسوں میں دس اپریل کے دن کیا کیا اہم واقعات ہوتے ہیں۔

Facebook Comments Box

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Facebook Comments

Related Articles

Back to top button
HumSub

FREE
VIEW