میرے مطابق

کشمیر میں بچپن: سوانح ( 4 )

Naeem Ashraf

میں 1964 ء میں آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کی وادی سمانی کے گاؤں برجاہ میں پیدا ہوا تھا۔ اس زمانے میں یہ جگہ وادی کے درمیان سے گزرنے والی ندی کے دونوں طرف پھیلی ہوئی ایک کچی بستی تھی۔ سمانی کی خوبصورت وادی چاروں اطراف سے اونچے نیچے سر سبز پہاڑوں میں گھِری ہوئی ہے۔ ان پہاڑوں سے چھوٹی چھوٹی شفاف ندیاں آ کر بڑی ندی میں گرتی ہیں جس کو مقامی زبان میں ’کَس‘ کہتے ہیں۔ اس زمانے میں شہروں میں جانے کے لیے سفر کا واحد ذریعہ ایک کچی سڑک تھی جو بھمبر اور میرپور کو آپس میں ملاتی تھی۔ اس سڑک پر تین پرانی بیڈ بورڈ بسیں چلتی تھیں۔ جن کے ہارن سن کر بستی کے رہنے والے ان کا بس نمبر اور ڈرائیور پہچان لیتے تھے۔ موسمِ برسات میں یا تو یہ بسیں روک لی جاتیں یا پھر کیچڑ میں پھنس جاتی تھیں۔ ایسی صورت میں میرپور جانے والے مسافر دس بارہ میل کا پہاڑی راستہ پیدل طے کر کے کاکڑہ ٹاؤن تک جاتے پھر وہاں سے مقامی بس لے کر پکی سڑک کے ذریعے میرپور پہنچ جاتے۔

اسی طرح اگر بھمبر جانا ہوتا تو بارش ہو جانے کی صورت میں برجاہ سے سمانی تک کا بارہ تیرہ میل کا سفر پیدل طے کیا جاتا اور سمانی سے کوئی بس بھمبر پہنچا دیتی تھی۔ ہماری بستی کے اکثر گھر پتھر اور مٹی کے گارے سے بنے ہوتے تھے جن کی چھتیں لکڑی کے شہتیروں پر بالے اور چِیڑ کے سرکنڈے ڈال کر اور ان کے اوپر مٹی کی لپائی کر کے بنائی گئی تھیں۔ جو گھروں کو سردیوں میں گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھتی تھیں۔ بستی کے گھر یہاں کے رہنے والے افراد کے دلوں کی طرح کشادہ تھے۔ جن کے آگے کھلے صحن اور سبزی وغیرہ کے باغیچے بنے ہوتے تھے۔ غسل خانے نہ ہونے کے برابر تھے اور نہانے کے لیے لوگ کَس پر جاتے تھے۔

جب میں نے ہوش سنبھالا تو اپنے اِرد گرد بہت سے پیار کرنے والے لوگ دیکھے۔ ان میں میرے ابا جی، جن کو سب لوگ پیار سے بابو جی کہتے، میری امی جان، میری خالائیں، میری پھوپھیاں اور میرے تین تایا جان تھے۔ میرے ابا جی کے ایک چھوٹے بھائی بھی تھے۔ میں ان کو چاچا جی کہتا تھا۔ ان کی شادی ابھی تک نہیں ہوئی تھی اور ہمارے ساتھ تین کمروں پر مشتمل مکان میں رہتے تھے۔ چاچا جی مجھ سے بہت پیار کرتے تھے اور مجھے اکثر اپنے پاس سلُا لیتے تھے۔ وہ ’تبت ٹالکم پاؤڈر‘ استعمال کرتے تھے جس کا خوُبصورت گول سا ڈبہ ہلکے نیلے رنگ کا تھا جس کے اوپر لگی سفید ناب گھمانے سے اس کے گولائی میں بنے چھوٹے چھوٹے سوراخ کھل جاتے تھے اور پاؤڈر کو جسم پر چھڑکا جا سکتا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ پاؤڈر کے ڈبے پر ایک خوبصورت سی خاتون کی تصویر بنی ہوتی تھی۔ میں بڑا ہو کر بھی کافی عرصہ وہ استعمال کرتا رہا۔ کیونکہ مجھے اس پاؤڈر سے اپنے چاچا جی کی خوُشبو آتی تھی۔ میرے والد، تایا صاحبان اور چاچا جی میں سے کوئی بھی زندہ نہیں مگر میں جب بھی ان کو یاد کرتا ہوں تو میری آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔ کیونکہ مجھے ان سے بچپن میں بہت زیادہ پیار ملا۔

ایک دن کچھ خواتین میرے اِرد گرد خوُشی کے گیت گا رہی تھیں۔ مجھے بعد میں بتایا گیا کہ وہ میری پھوپھیاں اور تایاں تھیں اور میری دوسری یا تیسری سالگرہ (عقیقہ) منا رہی تھیں۔ میری بڑی پھوپھی جان کی شادی پدری میں ہوئی تھی۔ وہ مجھے کبھی کبھی اپنے ساتھ لے جاتی تھیں۔ پدری ہمارے گھر سے شمال میں دو تین میل کے فاصلے پر نیم پہاڑی علاقے میں گھنے درختوں میں گھرا ہوا ایک گاؤں ہے۔ پھوپھو کے گھر کے اوپر ان کے سسر کا گھر بھی تھا۔ وہاں جا کر میں پھوپھو کی ساس کو دیکھ کر ڈر جاتا تھا۔ شاید میں ان کے پُرانے طرز کے سیاہ لباس کو دیکھ کر ڈرتا تھا۔ حالانکہ وہ لوگ مجھ سے بہت پیار کرتے تھے۔ میری دوسری پھوپھی جان کسگمہ میں رہتی تھیں۔ یہ جگہ ہمارے گاؤں سے جنوب مغرب میں دُشوار گزر پہاڑی علاقہ عبور کرنے کے بعد آتی تھی۔ میں جب پانچ یا چھ سال کا ہوا تو پہلی بار اپنے کزن دوست مشتاق احمد اور بڑے تایا جی کے ہمراہ کسگمہ گیا۔ وہ لوگ بھی مجھ سے بے پناہ پیار کرتے تھے۔ کسگمہ میں باجرے کی روٹی لسی اور چٹنی کے ساتھ کھانا اور سکیتر پر نہانا، مشتاق احمد اور پھوپھو کے بیٹوں کے ساتھ مل کر معصوم شرارتیں کرنا اور وہاں پر یک بعد دیگرے رشتے داروں کی دعوتیں اڑانا بھی اچھی طرح یاد ہے۔ میری دونوں پھوپھیاں بھی اب اس دنیا میں نہیں ہیں مگر مجھے ان کا بے لوث پیار بہت یاد آتا ہے۔

میرے ابا جی میرے ننھیال کو پسند نہیں کرتے تھے اس لیے میرے ماموؤں اور خالاؤں کا ہمارے گھر آنا جانا بہت کم تھا۔ مگر ابا جی فوج میں تھے اور سال میں ایک دو بار ہی چھٹی آتے تھے لہٰذا ان کی غیر موجودی میں میرے نانا جان، نانی جان، ماموں اور میری خالائیں کبھی کبھار ہم سے ملنے آ جاتے تھے۔ مجھے یہ بھی یاد ہے کہ میرے نانا جان ہمارے کھیتوں میں فصلیں کاشت کرتے تھے۔ مجھے اپنے نانا جان کے گھر میں جا کر رہنا ابھی کل کی بات لگتی ہے۔ مجھے یہ بھی یاد ہے کے ان کے پاس ایک ہلکے سبز رنگ کا ریڈیو بھی تھا۔ جس کی گول سی ناب گھمانے پر اس میں آویزاں سوئی اس کے ڈائل پر دائیں بائیں رینگتی تھی۔ ڈائل پر مختلف ریڈیو اسٹیشنز کی پہچان ہندسوں سے ہوتی تھی۔ 700 کے ہندسے کے پاس ریڈیو اسٹیشن جالندھر بولتا تھا۔ جس پر شام کے وقت پنجابی گانے لگتے تھے۔ اس ریڈیو اسٹیشن کا ایک گانا ابھی تک میرے کانوں میں گونجتا ہے :

کالا ڈوریا کنڈے نال اڑیا ای، اوئے
چھوٹا دیورا بھابی نال لڑیا ای، اوئے

میرے نانا جان کے گھر میں ایک گراموفون بھی تھا۔ جس کے درجنوں ریکارڈ تھے۔ ہر توا نما ریکارڈ پر ایک کتے کی شبیہ بنی ہوتی تھی۔ ان پر اس زمانے میں ہم سہگل، بیگم اختر، طلعت محمود اور دیگر گلوکاروں کے نغمے سنتے تھے۔ پھر ستر کی دہائی کے آغاز پر جب لوگ دبئی جانا شروع ہوئے تو ہمارے ایک ماموں دبئی سے ٹیپ ریکارڈر لے آئے۔ اس میں ٹیپ ڈلتی تھی جو رِیل کہلاتی اور ایک رِیل میں بیس تیس گانے ریکارڈ ہوتے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ ایک دفعہ ماموں میرے لیے دبئی سے پینا سونک کمپنی کا ریڈیو لائے تھے۔ جس پر گہرے بھُورے رنگ کے چمڑے کا غلاف تھا۔

میری دونوں خالائیں بھی مجھ سے مل کر بہت خوش ہوتی تھیں۔ بڑی خالہ ہمارے جنوب میں واقع پہاڑی پر چِیڑ کے جنگل میں گھری ایک پہاڑی پر واقع ایک گاؤں میں رہتی تھیں اور کبھی کبھار ہی ہمارے گھر آتیں۔ جب کہ میری چھوٹی خالہ ہمارے گھر کے قریب ہی رہتی تھیں۔ چھوٹی خالہ زہرہ خاتون کی ایک لوری مجھے ابھی تک یاد ہے :

نعیم اشرف، بنو افسر
لکھو چٹھیاں، جاؤ دفتر

وقت کے کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں کہ جن کی لپیٹ میں آئے ہوئے لوگ زندگی بھر ان کی گرفت سے باہر نہیں نکل سکتے۔ ساری زندگی نہ دفتر نے میری جان چھوڑی اور نہ افسری نے۔ چھٹی لکھنا ویسے بھی مجھے پسند ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میری خالہ کو میرے آغازِ بچپن سے یہ کیسے معلوم تھا کہ میں افسر بنوں گا؟

یہ بھی ہو سکتا ہے کہ خالہ کی لوری میرے لاشعور میں کہیں جا بیٹھی ہو۔ جس نے بعد میں میرا رجحان افسری کی طرف کر دیا ہو۔ بہرحال یہ وقت کے اس لمحے کا کوئی راز ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے۔ مگر چونکہ میری سوچ توہماتی نہیں اس لیے میں اس کو ایک خوبصورت اتفاق ہی کہوں گا۔ جب میں بڑا ہو کر افسر بنا تو خالہ زہرہ خاتون بے حد خوش ہوئیں اور خوشی کے مارے سارے گاؤں میں مٹھائیاں تقسیم کرتی پھریں۔ زمانہِ موجود میں بھی جب میرا آبائی گاؤں جانا ہوتا ہے تو وہ مجھ سے ضرور ملنے آتی ہیں اور میرے لیے تحفے کے طور پر اپنے ہاتھ کی بنائی ہوئی کھانے کی کوئی چیِز ضرور لاتی ہیں۔ خالہ زہرہ خاتون اب عمر رسیدہ ہو چکی ہیں اور خود بھی پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں والی ہیں مگر ان کی میرے لیے محبت اسی طرح جوان ہے۔

میں اپنے والدین کی پہلی اولاد ہوں۔ سارا خاندان میرے ابا جی سے بہت سے پیار کرتا ہے شاید اس لیے بھی بچپن میں میرے ددھیال سے مجھے زیادہ پیار ملا ہو مگر ایسا نہیں کہ ننھیال میں میرے لیے پیار کم تھا۔ مگر ان سے کسی قدر فاصلے کی وجہ میں نے اوپر بیان کر دی ہے۔ میری تایا زاد بڑی بہنیں مجھ سے بڑی تھیں مگر مجھ سے بے حد پیار کرتی تھیں۔ صغرٰہ بی بی اور نسرین اختر اکثر مجھے اٹھا کر کس پر کپڑے دھونے کے لیے لے جاتیں۔ جب تک وہ کپڑے وغیرہ دھوتیں میں ندی کے کنارے پر ریت کے گھروندے بناتا رہتا تھا۔ پھر وہ مجھے کم گہری جگہ پر نہلاتی تھیں اور تیرنا بھی سکھاتی تھیں۔ میں نے تیراکی اپنی ندی میں ہی سیکھی۔
(جاری ہے )

Subscribe
Notify of
guest
8 Comments
ڈاکٹر خالد سہیل
Dr k sohail
8 months ago

I did not know you are a good swimmer

رفیع مصطفیٰ
رفیع مصطفیٰ
8 months ago

مجھے بھی وہ 78 RPM کے ریکارڈ یاد ہیں جن پر His Master’s Voice لکھا ہوتا تھا اور گراموفون کے سامنے ایک کتا بیٹھا سُن رہا ہوتا تھا۔

shahid qayyum
shahid qayyum
8 months ago

Allah has gifted you skill to convert words into masterpiece.

Habeeb sheikh
Habeeb sheikh
8 months ago

You are lucky to experience village life and so many loving people. I hope it is same these days in the area you were born.

نعیم اشرف
نعیم اشرف
8 months ago
Reply to  Habeeb sheikh

ہے دل کے لئے موت مشینوں کی حکومت
احساس مروت کو کچل دیتے ہیں آلات ( اقبال)

Samia
Samia
8 months ago

Your childhood memories were beautiful to read. Thanks for sharing.

نعیم اشرف
نعیم اشرف
8 months ago
Reply to  Samia

.Thank you for a carful read.

حامد یزدانی
Hamid Yazdani
1 month ago

بہت خوب۔
سادہ و رواں اسلوب میں کتاب زندگی کے ابتدائی ابواب بہت متاثر کن ہیں۔ سفر حیات میں ملنے والی مہربان ہستیوں کی فکر اور طرز عمل کا عکس عمر کے آئینے میں تقدیر جھلکتا رہتا ہے۔
دل چسپ سلسلہ 🌸

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW