بلاگ

کراچی: چارپائی کی ترتیب درست کرنے کی ضرورت ہے

anwar iqbal

ایک پرانا لطیفہ ہے۔ ایک گاؤں میں کسی شخص کے ہاں اچانک مہمان آ گئے۔ وہ پڑوسی کے پاس گیا اور کہا ”بھائی، مہمان آ گئے ہیں، اگر ایک چارپائی عنایت کر دیں تو بڑی مہربانی ہو گی۔“ پڑوسی نے جواب دیا ”ہمارے پاس تو صرف دو چارپائیاں ہیں۔ ایک پر میں اور میرا بیٹا سوتے ہیں، دوسری پر میری بہو اور میری بیوی سوتی ہیں۔“ یہ سن کر اس شخص کی رگِ ظرافت پھڑکی اور اس نے کہا ”بھائی چارپائی نہیں دینی تو نہ دیں، لیکن کم از کم چارپائیوں پر سونے کی ترتیب تو درست کر لیں!“

کراچی کا حال کچھ ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔ وسائل ہیں، منصوبے ہیں، اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، مگر ترتیب ایسی ہے کہ سوال اٹھتا ہے۔ کیا ہم واقعی ترجیحات درست رکھ رہے ہیں؟

ملیر ایکسپریس وے کو ہی دیکھ لیجیے۔ تقریباً 39 کلومیٹر طویل اس منصوبے پر ابتدائی اندازوں کے مطابق 27 سے 30 ارب روپے خرچ ہونے تھے، جو بڑھتے بڑھتے 50 ارب روپے سے اوپر جا پہنچے۔ سرکاری موقف یہ ہے کہ اس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور شہر کے مشرقی حصے کو بہتر رسائی ملے گی۔ اصولی طور پر انفراسٹرکچر عوام ہی کے فائدے کے لیے ہوتا ہے، اس میں اختلاف نہیں۔ مگر سوال پھر وہی ہے : فائدہ کس کو اور کتنے لوگوں کو؟ یہ سڑک اُن علاقوں کو براہِ راست جوڑتی ہے جہاں زمین کی قیمت پہلے ہی کروڑوں میں ہے، جہاں نجی گاڑیاں عام ہیں، جہاں ریئل اسٹیٹ ویلیو مزید بڑھے گی۔ دوسری طرف شہر کی اکثریت روزانہ بسوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں پر گھنٹوں سفر کرتی ہے۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ناکافی ہے، اور ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہا ہے۔ جو بی آر ٹی ایس منصوبہ زیر تعمیر ہے، مسلسل تعطل کا شکار ہے اور کچھ منصوبے تو ایک لمبے عرصے سے صرف کاغذوں پر ہی دھرے ہیں۔ مسئلہ سڑک بنانے کا نہیں، مسئلہ ترتیب کا ہے۔ جیسے اُس لطیفے میں چارپائیوں کی ترتیب الٹی تھی۔

کراچی سرکلر ریلوے کبھی اس شہر کی ریڑھ کی ہڈی تھی۔ 1960 اور 1970 کی دہائی میں یہ ریلوے لائن سٹی اسٹیشن سے لانڈھی، ملیر، ڈرگ روڈ، گلشن، لیاقت آباد اور ناظم آباد تک جاتی تھی۔ لاکھوں افراد روزانہ اس سے سفر کرتے تھے۔ مزدور، طالب علم، ملازمین سب کے لیے یہ سستی اور با اعتماد سواری تھی۔ شہر کا پھیلاؤ اسی کے گرد منظم ہو رہا تھا۔ پھر یہ نظام زوال کا شکار ہوا۔ دیکھ بھال نہ ہوئی، مالی بحران آیا، سیاسی توجہ ہٹ گئی، اور 1999 کے بعد یہ تقریباً بند ہو گیا۔ آج اس کی زمینوں پر تجاوزات ہیں، اسٹیشن ویران ہیں، پٹریاں جگہ جگہ غائب ہیں۔ اربوں روپے کے بحالی کے اعلانات ہوئے، مگر عملی پیش رفت سست رہی۔ سوچئے اگر سرکلر ریلوے مکمل طور پر جدید بنا کر فعال کر دی جائے تو روزانہ 500,000 سے زائد افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کا بوجھ کم ہو سکتا ہے، ایندھن کی بچت ہو سکتی ہے، آلودگی گھٹ سکتی ہے۔ ایک ایکسپریس وے ہزاروں گاڑیوں کو سہولت دیتی ہے، مگر ایک فعال ریلوے لاکھوں انسانوں کو۔

اسی طرح پانی کا بحران ہے۔ کراچی کا شہری مہنگے ٹینکروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہے، حالانکہ اس شہر کے اپنے مقامی ذرائع موجود تھے۔ ڈملوٹی کے کنویں برطانوی دور میں قائم ہوئے اور ملیر کے قریب زیرِ زمین آبی ذخائر سے پانی فراہم کرتے تھے۔ ایک زمانے میں یہ شہر کی بڑی ضرورت پوری کرتے تھے۔ آج وہ نظام تقریباً غیر فعال ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ملیر اور لیاری کے قدیم دریاؤں کے نیچے زیر زمین ایکویفرز موجود ہیں۔ اگر بارش کے پانی کو محفوظ کر کے زمین میں واپس اتارا جائے، اگر ری چارج ویلز اور جدید پمپنگ سسٹم لگائے جائیں، تو پانی کے بحران میں واضح کمی آ سکتی ہے۔ مگر ایسے منصوبوں میں فوری سیاسی چمک نہیں ہوتی۔ ان کا افتتاح شاندار نہیں لگتا، ان کی تصویر سوشل میڈیا پر زیادہ متاثر کن نہیں بنتی۔ یہی بنیادی مسئلہ ہے۔ ہم چارپائیوں کی ترتیب درست نہیں کر رہے۔

وسائل محدود ہیں۔ شہر کے مسائل بے شمار ہیں۔ ایسے میں سب سے پہلے وہ منصوبہ ہونا چاہیے جس سے سب سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھائیں۔ اگر 5 فیصد طبقے کے لیے اربوں روپے کے منصوبے ہوں اور 95 فیصد شہری پبلک ٹرانسپورٹ اور پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رہیں، تو عدم توازن پیدا ہو گا۔ اور یہ ہی عدم توازن معاشرتی بے چینی کو جنم دیتا ہے۔

کراچی کو ماس ٹرانزٹ چاہیے۔ اسے مزید صاف پانی چاہیے۔ ٹینکرز کی جگہ پانی کی پائیپ لائنیں چاہئیں۔ اسے زیادہ فعال سرکلر ریلوے اور سستی بس سروس درکار ہے۔ ترقی کی تعریف کنکریٹ نہیں، انسان ہے۔ اگر ایک مزدور کم وقت میں کام پر پہنچے، اگر ایک طالب علم محفوظ سواری سے یونیورسٹی جائے، اگر ایک گھر میں پانی باقاعدگی سے آئے۔ تو یہی اصل ترقی ہے۔ ورنہ چارپائیاں تو دو ہی رہیں گی، اور ترتیب پر سوال اٹھتا رہے گا۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW