کمسن بچوں کی شادی کے خلاف قانون اور ہمارے رویے
پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک بار پھر خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک نیا قانون منظور کیا گیا ہے۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ؛ اس سے پہلے بھی خواتین کے تحفظ اور حقوق سے متعلق کئی قوانین بن چکے ہیں۔ لیکن روایت وہی پرانی ہے۔ جیسے ہی عورت کی بہتری کی بات ہوتی ہے، سوشل میڈیا سے لے کر مین اسٹریم میڈیا تک ایک کہرام مچ جاتا ہے۔
پاکستان میں جب بھی، جہاں بھی، عورت کے حق میں کوئی قدم اٹھایا جاتا ہے تو کچھ نام نہاد ماڈرن اور خود ساختہ مذہبی طبقات کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگتے ہیں۔ انہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے عورت پر قائم ان کی غیر علانیہ حکمرانی ان کے ہاتھوں سے پھسل رہی ہو۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب یہ سب، مکھیوں کی طرح، ایک ہی صفحے اور بیانیے پر جمع ہو جاتے ہیں اور اپنی اخلاقی اور ذہنی پسماندگی کا بھرپور مظاہرہ شروع کر دیتے ہیں۔
ہمارے معاشرہ میں مرد کی جو ذہن سازی کی گئی ہے، وہ صدیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ ایک دن یا ایک نسل کا مسئلہ نہیں۔ یہاں عورت۔ چاہے وہ ماں ہو، بہن ہو یا بیٹی۔ اکثر مرد کی نظر میں ایک انسان نہیں بلکہ اس کی ملکیت سمجھی جاتی ہے۔
تعلیم، غربت، مذہب یا لبرل ازم۔ یہ فرق مٹ جاتا ہے جب بات عورت کے اختیار کی ہو۔ ان پڑھ دیہاڑی دار سے لے کر نام نہاد پڑھے لکھے لبرل اور مذہب کے ٹھیکیدار، سب ایک صف میں کھڑے نظر آتے ہیں۔
یہ نیا قانون منظور ہوا تو مخالفت کی پہلی آوازیں خود پارلیمنٹ کے اندر سے بلند ہوئیں۔ پارلیمنٹ کے فلور پر کھڑے ہو کر ایک رکن جو خود کو مذہب کا نمائندہ کہلاتا ہے انتہائی قابل مذمت الفاظ بولے کہ وہ دس سال کے نوجوانوں کی شادی کروائے گا، محض ایک بیان نہیں بلکہ ایک خوفناک ذہنیت کی عکاسی ہے۔ سب سے پہلے تو ایسے شخص کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ دس سال کے افراد نوجوان نہیں، بچے ہوتے ہیں جنہیں معاشرے کا ایک کارآمد فرد بننے کے لئے تعلیم اور شعور کی ضرورت ہوتی ہے نہ کہ شادی کی۔ آئیے مل کر پارلیمنٹ میں موجود افراد کی ذہنی اور تعلیمی قابلیت پر فاتحہ پڑھتے ہیں۔ ایسے لوگ قوم کی مجرمانہ خاموشی کا نتیجہ ہے جو آج پارلیمنٹ میں بیٹھ کر عوام کے شعور کا مذاق اڑا رہے ہے۔ اسی جماعت کے ایک اور رکن کا بیان انتہائی قابل شرم اور جرم کے زمرے میں آتا ہے موصوف کا کہنا ہے کہ غصے میں آیا تو سولہ سالہ لڑکی کے ساتھ شادی کر کے قانون توڑ کر دکھاؤں گا۔ ہونا تو چاہیے تھا کہ ایسے بیان پر یہ شخص سلاخوں کے پیچھے ہوتا لیکن افسوس ہمارا قانون اور نظام بھی مفلوج ہے جس کا اطلاق ایسے لوگوں پر نہیں ہوتا ہے۔
کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی کشش اور شادی کی خواہش کو دنیا پیڈوفیلیا کہتی ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے یہاں ایسے بیانات پر نہ صرف خاموشی بلکہ پارلیمنٹ میں تالیوں کی آواز بھی سنائی دیتی ہے۔ یہ وہی معاشرہ ہے جہاں مذہبی تعلیمی اداروں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ اور بیشتر تو کبھی رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔ اس کے باوجود، ایسے بیانات دینے والے افراد آزاد گھومتے ہیں، جبکہ قانون کی توانائی کہیں اور صرف ہو رہی ہوتی ہے۔
یہ تو بات ہوئی مذہبی طبقے کی۔
لیکن المیہ یہ ہے کہ خود کو ماڈرن کہلانے والے افراد بھی اسی ذہنیت کا شکار نظر آتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ حضرات کی آہ و بکا تو سننے کے لائق ہے جن کی تمام سوچ اور سمجھ صرف اس بات پر صرف ہوتی ہے کہ ویوز کیسے لینے ہیں۔ ماڈرن نظر آنے والے یہ موصوف اس بات پر غمگین اور رنجیدہ نظر آئے کہ کیا اب مرد عورت کو گھور بھی نہیں سکتا؟ ”
یہ ایک سوال نہیں، بلکہ برسوں سے عورت کے ساتھ کیے جانے والے برتاؤ کو حق بجانب سمجھنا ہے۔ ان کا یہ بھی موقف تھا کہ عورتیں جذباتی ہوتی ہے اور جذبات میں آ کر مرد کے خلاف شکایت درج کرواتی ہیں۔ کیا تشدد کے بعد خاموشی اختیار کرنا ہی شرافت ہے؟ یا مار کھاتے رہنا ہی عورت کی ذمہ داری ہے؟ میرا ان سے سوال ہے کیا آپ کہ خیال میں جب کوئی مرد کسی عورت کو ذہنی اور جسمانی اذیت دیتا ہے، اس پر ہاتھ اٹھاتا ہے یا اسے تشدد کا نشانہ بناتا ہے، تو کیا وہ یہ سب بڑے ٹھنڈے، پرسکون اور متوازن دماغ کے ساتھ کر رہا ہوتا ہے؟
اور جب عورت اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی ہے تو آپ فوراً اسے ”جذباتی“ قرار دے دیتے ہو؟
تو ذرا یہ بھی بتاؤ، کیا عورت کا ظلم کے خلاف بولنا جذبات کہلاتا ہے؟ اور مرد کا مارنا، پیٹنا اور ذلیل کرنا آپ کی ڈکشنری میں کیا کہلاتا ہے؟ اگر عورت کا ظلم کے خلاف آواز اٹھانا جذبات ہیں تو مرد کا تشدد کیا ہے۔ میں تو اس کو مرد کا جنگلی پن، ذہنی مرض اور عدم برداشت کہوں گی۔ اور یہ جنگلی پن صرف ہاتھوں میں نہیں، زبان، سوچ اور رویے میں ہر وقت جھلکتا ہے
نکاح کا مطلب یہ نہیں کہ ایک مرد نے عورت کو خرید لیا ہے۔ نہ ہی شادی کا مطلب یہ ہے کہ تذلیل، تشدد اور ذہنی اذیت مرد کا حق بن جائے۔ جب ایک مرد اپنی بیوی کو اپنے خاندان کے سامنے ذلیل کرتا ہے، اس پر ہاتھ اٹھاتا ہے، یا مسلسل ذہنی تشدد کا نشانہ بناتا ہے، تو وہ عورت اندر سے ٹوٹ جاتی ہے۔ وہ زندہ ہوتی ہے، مگر صرف سائنسی اعتبار سے۔ حقیقت میں وہ مر چکی ہوتی ہے۔
روز روز کی جسمانی اور ذہنی اذیت عورت کو اس مقام تک پہنچا دیتی ہے جہاں وہ خود کو بے وقعت، بے اختیار اور بے زبان سمجھنے لگتی ہے۔ ایسے ماحول میں پروان چڑھنے والے بچے بھی کئی ذہنی مسائل کا شکار ہو جاتے ہے۔ ایک مرد کا غیر متوازن اور آمرانہ رویہ کئی زندگیوں کو نگل جاتا ہے۔ یہ تشدد صرف جسم پر نہیں، بلکہ خودی، اعتماد اور شناخت پر بھی ہوتا ہے۔
اگر کوئی مرد مالی، ذہنی اور سماجی طور پر اس قابل نہیں کہ وہ اپنی بیوی اور بچوں کی ذمہ داری اٹھا سکے، تو اسے شادی نہیں کرنی چاہیے۔
شادی مردانگی کا ثبوت نہیں، ذمہ داری کا وعدہ ہے۔
مگر ہمارے معاشرے میں عورت جب ظلم کے خلاف بولے تو اسے بدزبان قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہی وہ سوچ ہے جس کے مطابق:
”مرد کا ہاتھ خود بخود اٹھ جاتا ہے، کیوں کے عورت اپنے حق کے لئے اور اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی ہے اور مرد کی نازک طبیعت پر یہ بات نا گوار گزرتی ہے۔“ اور اس کا ہاتھ اٹھ جاتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ نیا قانون عورت کو تحفظ تب ہی دے سکتا ہے جب اس پر درست اور غیر جانبدارانہ عملدرآمد ہو۔ ورنہ ہمارے ہاں قانون صرف کاغذوں میں ہی رہتا ہے۔
پاکستان میں گھریلو تشدد رپورٹ نہ ہونے کی بڑی وجوہات سماجی دباؤ، خاندانی بدنامی کا خوف، تھانہ کلچر اور عدالتی نظام کی پیچیدگیاں ہیں۔
جب تک معاشرے کی فکری اور ذہنی سوچ نہیں بدلی جائے گی، خواتین کے حالات نہیں بدلیں گے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ کالج اور یونیورسٹی سطح پر لڑکوں کی تربیت کی جائے، انہیں بتایا جائے کہ عورت ملکیت نہیں بلکہ معاشرے کا برابر کا رکن ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں :
عورت کے لیے مذہب، روایت اور اخلاق قید خانہ بن گئے ہیں۔ جبکہ مرد کے لیے وہی چیزیں آزادی کا استعارہ۔ یہ لڑائی قانون کی شقوں کی نہیں،
یہ جنگ ذہنیت کی ہے۔
جب تک مرد کو یہ یقین دلایا جاتا رہے گا کہ اس کا غصہ فطری ہے
اور عورت کو یہ سکھایا جاتا رہے گا کہ اس کی خاموشی شرافت ہے،
تب تک کوئی قانون، کوئی ترمیم اور کوئی قرارداد عورت کو محفوظ نہیں بنا سکتی۔
عورت کو تحفظ تب ملے گا
جب تشدد کو غیرت نہیں، جرم کہا جائے گا؛
جب عورت کی آواز کو بغاوت نہیں، حق سمجھا جائے گا؛
اور جب مرد کو یہ سکھایا جائے گا
کہ طاقت ہاتھ اٹھانے میں نہیں، بلکہ خود پر قابو رکھنے میں ہے۔
یہ فیصلہ اب معاشرے کو کرنا ہے :
یا تو عورت کو انسان مان لو، یا پھر اعتراف کر لو کہ مسئلہ قانون کا نہیں، ہماری پسماندہ سوچ کا ہے۔

