2025ء کی تلخیاں اور 2026ء کی خوش کن امیدیں
2025ء کا سورج اپنی تمام تر تلخیاں سمیٹ کے غروب ہو گیا ہے اور 2026ء کا سورج خوش کن امیدیں لے کر طلوع ہو گیا ہے۔ 2025ء جہاں امن و امان کے حوالے سے کسے طور پر بھی خوش کن نہیں تھا وہاں دفاعی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر پوری دنیا میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ پاکستان پچھلی کئی سالوں سے ”را“ سپانسرڈ دہشت گردی کا نشانہ بنا ہوا ہے لیکن 2025ء میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی انتہا ہو گئی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد ایک سال میں جس قدر ہماری مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دفاع پاکستان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ماضی میں کسی ایک سال میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
پاکستان سیاسی لحاظ سے خلفشار کا شکار ہے2024ء کے مقابلے میں 2025ء میں سیاسی ہنگامہ آرائی زیادہ نہیں تھی لیکن 2025ء میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی اور محاذ آرائی سے نہ صرف سیاسی ماحول بری طرح متاثر ہوا ہے بلکہ سیاسی تعلقات کار نے دشمنی کی شکل اختیار کر لی ہے۔ 10 اپریل 2022ء کو عمران خان کے حکومت کے ”ووٹ آؤٹ“ ہونے اور 8 فروری 2024 کے انتخابی نتائج نے سیاسی تعلقات کار میں جو تلخیاں پیدا کیں ان میں کمی کی بجائے اضافہ ہی ہوا۔ ان تلخیوں کو کم کرنے کی کوئی شعوری کوشش نہیں کی گئی۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی میز بھی سج نہیں پا رہی۔ فریقین ایک ہی سانس میں مذاکرات کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں تو دوسری سانس میں مذاکرات کے لئے شرائط عائد کر دی جاتی ہیں اس پر طرفہ تماشا یہ کہ ایک طرف عمران خان تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کو مذاکرات کا گرین سگنل دیتے ہیں دوسری طرف سے وہ اعلان کر دیتے ہیں ان کی جماعت کا جو رکن مذاکرات کی میز پر بیٹھے گا اس کا ان کی جماعت سے کوئی تعلق نہیں حکومت نے بھی 9 مئی 2023ء کے واقعات پر معافی کو مذاکرات سے مشروط کر دیا۔ ممکن تھا علی امین گنڈا پور کی ایسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کے نتیجے میں 26 نومبر 2024 کو ہی عمران خان کو کچھ ریلیف مل جاتا لیکن عمران خان کے طرز عمل میں سختی کے نتیجے میں 2025ء ان پر سختیوں کا سال بن گیا عدالتوں سے سزائیں مل ہی رہی تھیں اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ان پر ملاقاتوں پر پابندیاں لگ گئی ہیں ان کی تینوں بہنیں ہر منگل اور جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل آتی ہیں لیکن انہیں گورکھ پور ناکہ پر روک لیا جا تا ہے اور بات دھرنے تک جا پہنچتی ہے۔ 2025ء میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا دی گئی ہے جب کہ وہ پہلے ہی دیگر مقدمات میں سزا بھگت رہے ہیں 14 سال کی دوسری بڑی سزا آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو دی گئی ہے جب کہ سزاؤں کا یہ عمل رکا نہیں ان کے خلاف مزید مقدمات زیر سماعت ہیں ریاست کی سخت گیر پالیسی کے نتیجے میں 2026ء میں بھی ”بڑے مجرموں“ کی رہائی کا کوئی امکان نہیں ممکن ہے عمران خان کی رہائی یا ریلیف کی کوئی گنجائش نکل سکتی لیکن ان کے ٹویٹر ہینڈلرز اور سوشل میڈیا ٹیم نے جو آگ لگائی ہے اس کی تپش سے خود عمران خان بھی بچ نہیں پا رہے۔ ان کی رہائی کے تمام راستے مسدود ہوتے جا رہے ہیں۔ 2025ء جہاں سیاسی لحاظ سے اچھا سال تصور نہیں کیا جا سکتا وہاں پورا سال پاکستان بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنا اگرچہ پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیز کے افسروں اور جوانوں نے ”را“ کے سپانسرڈ دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے لیکن 2025ء میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی ہوئی بہت بڑی تعداد میں فوجی افسروں اور جوانوں نی جام شہادت نوش کیا کسی سال میں اتنی بڑی تعداد میں عسکری اداروں کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ افغانستان سے در اندازی کرنی والے دہشت گردوں نے بھارت کی پراکسی وار میں حصہ لیا۔ جس پر پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردوں کے اڈوں کے خلاف کارروائی کرنا پڑی۔ افغانستان سے دہشت گردی بند نہ ہونے پر پاکستان نی تاحال پاک افغان بارڈر نہیں کھولا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بھارت کی سطح پر تعلقات کشیدہ ہیں۔ افغانستان، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ پاکستان میں سیاسی ماحول میں کشیدگی کے منفی اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں جب 10 اپریل 2022ء کو عمران خان سے تخت اسلام آباد چھین لیا گیا تو اس وقت پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ کے طرف جا رہا تھا لیکن پی ڈی ایم کے 16 ماہ کی حکومت نے اپنی پولیٹیکل کیپیٹل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا کر ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے تو بچا لیا لیکن عوام میں اس کے مقبولیت کا گراف گر گیا جس کے اثرات 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں دیکھے گئے۔
پاکستان میں مہنگائی کا جن بوتل سے ایسا باہر ہوا اب بوتل میں بند ہو نہیں پا رہا اگرچہ ڈالر کی قیمت میں ٹھہراؤ پیدا ہو گیا ہے لیکن ایک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت کم ہونی سے مہنگائی کم ہونی کا نام نہیں لے رہی۔ پاکستان کے عوام مہنگائی کے بوجھ تلی دبے جا رہے ہیں آ ٹا، چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر حکومت کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہی 2025 میں پاکستان کے تاریخ کا بدترین سیلاب آیا۔ پنجاب میں حکومت نے سیلاب کی تباہ کاری وں سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کیے 2025ء پنجاب کی تعمیر و ترقی کا سال ہے۔ پنجاب تمام صوبوں سے آگے رہا۔ مریم نواز کی گڈ گورنس نے عمران خان کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے مسلم لیگ (ن) کی سیاست پر پڑنے والی منفی اثرات میں نمایاں کمی پیدا آئی۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اور کے پی کے میں انتخابی معرکے سر کیے۔ 2025ء پاکستان کے عسکری تاریخ میں یادگار سال رہے گا جس میں پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے ملک کو شکست سے دوچار کر کے دنیا میں عسکری میدان میں مضبوط ملک کے طور پر اپنا لوہا منوا لیا۔ بیک وقت امریکہ، چین اور روس سے تعلقات قائم رکھنے میں کامیاب ڈپلومیسی کا کریڈٹ جہاں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے وہاں خارجہ محاذ پر سینیٹر محمد اسحق ڈار کامیاب ڈپلومیسی کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔ کئی عشروں کے بعد امریکہ اور پاکستان کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات قائم ہوئے ہیں۔ پاک بھارت جنگ میں بھارت کو جو ہزیمت اٹھانا پڑی اسے امریکی صدر نے بار بار ذکر کر کے پاکستان کے بالا دستی پر مہر تصدیق ثبت کر دی اگرچہ پاکستانی معیشت میں ترقی کے مثبت اشاریے نظر آتے ہیں لیکن معاشی ترقی عوامی توقعات کے مطابق نہیں پوری قوم نے 2026ء سے خوش کن امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پائی جانی والی خلیج کم ہونے کا امکان نہیں عمران خان جو پچھلے اڑھائی سال سے جیل کاٹ رہے ہیں ملکی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر قیدی نمبر 804 کے نعروں کے گونج سنائی دیتی ہے۔ ان کی طرز سیاست کے وجہ سے 2026ء میں بھی دور دور تک رہائی کا امکان نہیں۔ پی ٹی آئی نی ”سٹریٹ موومنٹ“ کی نئی اصطلاح متعارف کرائی ہے لیکن اس میں عوام کو سڑکوں پر لانے کا دم خم نظرنہیں آتا۔ پی ٹی آئی کا عمران خان کی رہائی کے لئی یہ آخری حربہ بھی ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے۔

