جب سر سید احمد خان اپنی کتاب آثار الصنادید کا مسودہ لیے دہلی کے محلے بلی ماراں کی ایک خاموش، قدرے بوسیدہ حویلی میں مرزا اسد اللہ خان غالب کے سامنے بیٹھے تو یہ ملاقات محض دو اہلِ قلم کی نہ تھی۔ یہ ماضی اور مستقبل کے درمیان کھڑا ایک تہذیبی لمحہ تھا۔ سر سید کی آنکھوں میں دہلی کے کھنڈر تھے، مسجدوں کے مینار، مقبروں کی شکستہ اینٹیں، وہ تہذیب جس کے زوال کا نوحہ وہ تاریخ کی صورت میں لکھ رہے تھے۔ غالب نے مسودہ دیکھا، چند ورق پلٹے، پھر مسودہ ایک طرف رکھ دیا۔ حقہ کا کش لیا، اور ایک ایسی بات کہہ دی جو محض شعر یا لطیفہ نہ تھی بلکہ پورے عہد کا خلاصہ تھی۔ انہوں نے کہا سید! انگریز سے جدید علم سیکھو، وہ اب چقماق نہیں رگڑتا، وہ تو جیب میں آگ لیے پھرتا ہے۔
یہ فقرہ کسی مبالغے کا نتیجہ نہیں تھا۔ غالب کا اشارہ ایک حقیقی شے کی طرف تھا، ماچس کی طرف، جو اس زمانے میں ہندوستان کے لیے نئی اور یورپ کے لیے روزمرہ کی چیز بنتی جا رہی تھی۔ غالب کی یہ بات اس لیے بھی وزن رکھتی ہے کہ وہ محض سنا ہوا نہیں دہرا رہے تھے۔ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ غالب 1827 میں اپنے پنشن کے مقدمے کے سلسلے میں کلکتہ گئے تھے۔ اس وقت کلکتہ برطانوی ہند کا دارالحکومت تھا، ایک ایسا شہر جہاں یورپ کی جدیدیت پوری شدت سے موجود تھی۔ وہاں انگریز افسر، تاجر، فوجی اور سائنس سے وابستہ لوگ آباد تھے۔ گیس لیمپ، یورپی طرز کے مکانات، کلب، عدالتیں اور نئی ایجادات سب کچھ ایک مختلف دنیا کا نقشہ پیش کرتے تھے۔
غالب کے خطوط میں کلکتہ کا ذکر محض سفری روداد نہیں، بلکہ ایک ذہنی تجربہ ہے۔ وہ اس شہر کی وسعت، روشنیوں اور نظم و ضبط سے متاثر بھی ہوتے ہیں اور کہیں کہیں طنز بھی کرتے ہیں۔ اسی کلکتہ میں یہ قرینِ قیاس ہے کہ غالب نے پہلی بار ماچس دیکھی۔ ایک ایسی چیز جو جیب سے نکلتی تھی، ایک لمحے میں آگ پیدا کر دیتی تھی، اور جس کے لیے نہ لکڑی رگڑنی پڑتی تھی نہ انگاروں کی حفاظت کرنی پڑتی تھی۔ ایک شاعر کے لیے یہ محض سہولت نہیں تھی، یہ ایک علامت تھی۔ آگ جو صدیوں سے محنت اور مہارت سے حاصل ہوتی تھی، اب انسان کی مٹھی میں آ چکی تھی۔
یہ ماچس خود بھی نئی نئی تھی۔ 1826 میں انگلینڈ کے شمالی شہر اسٹاکٹن آن ٹیز میں ایک فارماسسٹ اور کیمیا دان، جان واکر، نے تجربات کے دوران اتفاقاً رگڑ سے جلنے والی پہلی عملی ماچس ایجاد کی۔ اینٹی مونی سلفائیڈ، پوٹاشیم کلوریٹ اور گوند کے آمیزے کو جب لکڑی کی ایک باریک تیلی کے سرے پر لگا کر کھردری سطح پر رگڑا گیا تو شعلہ پیدا ہو گیا۔ یہ کوئی جادو نہیں تھا، یہ سائنس تھی، مگر عام آدمی کے لیے جادو سے کم بھی نہیں لگتی تھی۔ واکر نے اس ایجاد کا پیٹنٹ نہیں کروایا، یوں یہ تیزی سے یورپ میں پھیل گئی۔ صدیوں سے انسان آگ کے لیے پتھر رگڑتا آیا تھا۔ چقماق، فولاد، لکڑی، انگارے۔ یہ سب طریقے وقت اور محنت مانگتے تھے۔ ماچس نے اس پوری تاریخ کو ایک لمحے میں سمیٹ دیا۔ یہی وہ تبدیلی تھی جسے غالب نے ایک فقرے میں قید کر لیا تھا۔ انگریز کی برتری توپ اور بندوق میں نہیں تھی، اس کے پیچھے علم، تجربہ اور سائنسی نظم موجود تھا۔ کلکتہ میں ایک انگریز افسر کا جیب سے ماچس نکال کر چراغ جلانا دراصل طاقت کا مظاہرہ تھا، ایک خاموش اعلان کہ فطرت اب ہمارے قابو میں ہے۔
جب غالب دہلی واپس آئے اور سر سید ان کے سامنے بیٹھے تو آثار الصنادید جیسی عظیم کتاب کے باوجود غالب کی فکر کہیں اور تھی۔ وہ جانتے تھے کہ محض ماضی کی اینٹیں گننے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں۔ اسی لیے انہوں نے سر سید کو جدید علم کی طرف متوجہ کیا۔ یہ کوئی اتفاق نہیں کہ سر سید نے اس اشارے کو سنجیدگی سے لیا۔ ماچس ان کے لیے ایک علامت بن گئی، اس بات کی علامت کہ سائنس اور جدید تعلیم کے بغیر قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ ماچس کی کہانی یہیں نہیں رکی۔ 1830 کی دہائی میں فرانس میں سفید فاسفورس کے استعمال سے ماچس مزید آسان ہو گئی، مگر اس سہولت کی قیمت مزدوروں نے ادا کی۔ فیکٹریوں میں کام کرنے والے لوگ فاسفی جبڑے جیسی خوفناک بیماری میں مبتلا ہونے لگے۔ یہ صنعتی ترقی کا وہ سیاہ پہلو تھا جس پر کم بات ہوئی۔ بعد میں سویڈن میں محفوظ ماچس ایجاد ہوئی، جس میں فاسفورس تیلی کو ملحق ڈبیہ کی رگڑ والی سطح پر منتقل کر دیا گیا۔ آگ اب بھی جیب میں تھی، مگر نسبتاً قابو میں۔ اس سے حادثات کم ہوئے اور انسانی صحت کو لاحق خطرات میں نمایاں کمی آئی۔
سر سید نے غالب کے اس اشارے کو سمجھا۔ ماچس ان کے لیے صرف آگ جلانے کا ذریعہ نہ تھی، بلکہ اس بات کی علامت تھی کہ جدید علم کس طرح فطرت کی طاقتوں کو انسان کے قابو میں لا سکتا ہے۔ یہی فہم آگے چل کر علی گڑھ تحریک کی صورت میں سامنے آیا، جہاں مقصد یہی تھا کہ مسلمان جدید سائنس، ٹیکنالوجی اور فکر سے رشتہ جوڑیں۔ یوں دنیا کی پہلی ماچس کی کہانی محض ایک ایجاد کی تاریخ نہیں، بلکہ ایک ذہنی انقلاب کی داستان ہے۔ کلکتہ میں غالب کی آنکھوں کے سامنے روشن ہونے والی وہ ننھی سی تیلی، دہلی میں سر سید کے سامنے ایک بڑے فکری استعارے میں بدل گئی۔ آگ جو کبھی دیوتاؤں یا قدرت کی ملکیت سمجھی جاتی تھی، اب انسان کی جیب میں تھی۔ اور غالب یہ بات بہت پہلے سمجھ چکے تھے کہ جو قوم آگ کو جیب میں رکھ لے، وہی آنے والے زمانے کی سمت متعین کرتی ہے۔
سر سید نے غالب کے اس اشارے کو ایک بڑے منصوبے میں ڈھال دیا۔ علی گڑھ کی تحریک اسی سوچ کا تسلسل تھی، اور بالآخر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسی فکر کی علامت بنی کہ مسلمان جدید سائنس، فلسفہ اور تعلیم کے بغیر اپنا مقام حاصل نہیں کر سکتے۔ علی گڑھ نے ایک نیا طبقہ پیدا کیا، انگریزی دان، جدید ذہن رکھنے والا، جو آگے چل کر برصغیر کی سیاست اور سماج میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔
مگر تاریخ ہمیشہ سیدھی لکیر میں نہیں چلتی۔ تقسیم کے بعد جب ہندوستانی مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا، اس جدوجہد میں علی گڑھ یونیورسٹی کے نوجوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا، اس پس منظر میں ایک تلخ جملہ زبان زدِ عام ہوا، جو پاکستان کے شاعر جون ایلیا سے منسوب کیا جاتا ہے، کہ پاکستان علی گڑھ کے لونڈوں کی شرارت تھی، کیوں کہ کہ پاکستان آج تک مسائلستان بنا ہوا ہے۔ یہ جملہ طنز بھی ہے اور المیہ بھی۔ آج ملک کا ہر مسئلہ، چاہے وہ سیاست و معیشت ہو یا مذہب، تشدد، ماچس کی تیلی کی طرح سلگ رہا ہے۔ کہیں ایک چنگاری بھڑکتی ہے، کہیں دوسری۔
یہاں ماچس کا استعارہ ایک اور گہرا رخ اختیار کر لیتا ہے۔ غالب کی جیب میں موجود آگ علم کے قابو میں تھی۔ مسئلہ آگ کا نہیں، مسئلہ اس آگ کے ساتھ آنے والی عقل اور اخلاق کا ہے۔ اگر مذہبی تعلیم اور سائنسی تعلیم کا تعلق مثبت کے بجائے منفی ہو جائے، اگر عقیدہ عقل سے کٹ جائے اور سائنس اخلاقی شعور سے آزاد ہو جائے، تو معاشرے میں روشنی نہیں، بارود پیدا ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں علم نئی ایجادات نہیں کرتا، جواز فراہم کرتا ہے، اور تب ماچس کی تیلی چراغ نہیں جلاتی بلکہ دھماکے تک لے جاتی ہے۔
یہی وہ لمحہ ہے جہاں معاشروں میں خودکش بمبار جنم لیتے ہیں۔ نہ انہیں دین کی گہری سمجھ ہوتی ہے، نہ سائنس کی، مگر دونوں کے نام پر وہ آگ کو تباہی میں بدل دیتے ہیں۔ ہمارے پاس آگ بہت ہے، جذبات کی، نعروں کی، یقین کی، مگر وہ توازن نہیں جو اسے چراغ بنا سکے۔
یوں ہماری تاریخ کا یہ باب سر سید کے ہاتھ میں موجود آثار الصنادید سے شروع ہو کر، غالب کی جیب میں موجود ماچس، علی گڑھ کی درسگاہ اور آج کے پاکستان تک آ پہنچتا ہے۔ سوال وہی ہے جو ڈیڑھ سو برس پہلے غالب نے خاموشی سے اٹھایا تھا۔ آگ سب کے پاس ہوتی ہے، اصل فرق یہ ہے کہ کون اسے علم کے چراغ میں بدلتا ہے اور کون اسے ایک جیتے جاگتے خودکش بمبار میں تبدیل کر دیتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کے حالیہ دور کے مقبول شاعر اور فلمساز گلزار نے اپنی فلم کا نام ماچس رکھا تھا۔ ان کے نزدیک ماچس وہ پہلا لمحہ ہے جہاں انسان چراغ اور بارود کے بیچ کھڑا ہوتا ہے، اور فیصلہ کرتا ہے کہ آگ کو کہاں لے جانا ہے۔


غالب کی کلکتہ والی پنشن کی روداد (1828 کے آس پاس) کی دل چسپ کہانی ہے
اس وقت غالب 39 سال کے ہونگے۔ ان کے دادا کو بنگال میں ملی جائیداد سے کچھ آمدنی آتی تھی۔ جو اس وقت ان کے چچا نصر اللہ بیگ کے تصرف میں تھی (غالب کو باپ کا حصہ ملتا تھا)۔ نصر اللہ بیگ کی وفات کے بعد ان کے بیٹوں نے جائیداد ہتھیا لی یوں غالب کا یہ ذریعہ آمدنی بند ہوگیا۔ وہ اس کا مقدمہ لڑنے ایسٹ انڈیا کمپنی کے پاس گے تھے اور ہارگئے