جب وہ پہلی بار لکھنؤ سے روڑکی پہنچا تو اس کی عمر ابھی پوری طرح جوانی میں داخل ہو رہی تھی۔ یہ 1870 کی دہائی کے وسط کا زمانہ تھا، جب تھامسن کالج آف سول انجینئرنگ برطانوی ہندوستان میں جدید علم کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ یہاں آ کر اس نے ریاضی، جیومیٹری، سروے اور مکینکس کو صرف نصابی مضامین کے طور پر نہیں بلکہ ایک زبان کے طور پر سیکھا۔ ایسی زبان جس میں زمین، پانی اور راستے بات کرتے ہیں۔ 1876 کے لگ بھگ جب اس نے روڑکی سے اپنی انجینئرنگ اور سروے کی تعلیم مکمل کی تو وہ صرف ایک سند یافتہ نوجوان نہیں تھا بلکہ ایک ایسا ذہن بن چکا تھا جو عدد اور لفظ دونوں کو برت سکتا تھا۔ روڑکی کے دن اس کے لیے آسان نہیں تھے۔ صبح سے شام تک سخت مضامین، فیلڈ ورک، نہروں کے کنارے پیمائش، پلوں کے ڈیزائن، اور اساتذہ کی سخت نگاہیں۔ مگر اس کی ایک عادت تھی جو اسے دوسروں سے الگ کرتی تھی۔ رات کو جب باقی طلبہ تھکن سے نڈھال ہو کر سو جاتے، وہ چراغ کی مدھم روشنی میں کچھ اور بھی پڑھتا۔ شاعری، فلسفہ، تاریخ، اور کبھی کبھی انسانی نفسیات پر لکھی ہوئی کتابیں۔ اس کے کمرے میں الجبرا کے نوٹس کے ساتھ ساتھ غالب اور میر کے دیوان بھی رکھے ہوتے۔ اس کے لیے یہ سب متضاد نہیں تھا، بلکہ ایک ہی کُل کا حصہ تھے۔
ڈگری ہاتھ میں آتے ہی اسے میدانِ عمل میں جھونک دیا گیا۔ برطانوی حکومت کی نظریں مغربی سرحدوں پر جمی ہوئی تھیں اور بلوچستان ان نگاہوں کا سب سے پیچیدہ نقطہ تھا۔ چنانچہ 1876 سے 1879 کے درمیان اسے اُن سروے ٹیموں کے ساتھ بھیجا گیا جو بولان، سبی اور ملحقہ دشوار گزار راستوں کا ابتدائی جائزہ لے رہی تھیں۔ یہی وہ سال تھے جب وہ پہلی بار اس زمین سے روبرو ہوا جو نقشے پر تو ایک خالی جگہ دکھائی دیتی تھی مگر حقیقت میں تاریخ، قبائل اور مزاحمت سے بھری ہوئی تھی۔ وہ 1876 کے ایک سرد دن بلوچستان کے علاقے بولان پہونچا۔ مگر اس سردی میں برف کی کاٹ نہیں بلکہ ایک عجیب سی نمی تھی جو ہڈیوں میں اترتی چلی جاتی تھی۔ صبح کا وقت تھا، سورج ابھی پہاڑوں کی اوٹ سے پوری طرح نمودار نہیں ہوا تھا، اور سامنے پھیلا ہوا منظر کسی ادھوری لکیر کی مانند تھا۔ نہ مکمل ویران، نہ آباد۔ چند خیمے، کچھ لکڑی کے کھمبے، ایک تھیوڈولائٹ، نقشوں کے رول، اور چند ہندوستانی اور مقامی مزدور، جن کے چہروں پر تھکن اور بے نیازی ایک ساتھ لکھی ہوئی تھی۔ یہ بلوچستان کا وہ خطہ تھا جہاں زمین سیدھی نہیں چلتی، ہر چند قدم پر رخ بدلتی ہے، کبھی پتھریلی ضد دکھاتی ہے، کبھی ریت کی طرح انگلیوں سے پھسل جاتی ہے۔
وہ شخص خاموشی سے کھڑا نقشے کو دیکھ رہا تھا۔ درمیانہ قد، دبلا بدن، آنکھوں میں ایک ایسی چمک جو یا تو ریاضی دان کی ہوتی ہے یا شاعر کی۔ سر پر ہیٹ، لباس سادہ مگر نفیس، اور ہاتھ میں پنسل جس کی نوک بار بار کاغذ پر ٹھہرتی، پھر رک جاتی، جیسے زمین کے ساتھ کوئی خاموش مکالمہ چل رہا ہو۔ وہ اس خطے کو صرف ناپ نہیں رہا تھا، وہ اسے سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے لیے یہ محض ایک ریلوے لائن نہیں تھی جو کہیں سے کہیں تک جانی تھی، بلکہ ایک ایسی لکیر تھی جو تاریخ، سیاست، طاقت اور انسان کی ضد کو آپس میں جوڑنے والی تھی۔
یہ انیسویں صدی کا آخری ربع تھا۔ برطانوی حکومت ہندوستان میں اپنی گرفت مضبوط کر چکی تھی، مگر مغربی سرحدیں اب بھی ان کے لیے بے چین خواب کی مانند تھیں۔ افغانستان کے قریب واقع بلوچستان محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک اسٹریٹجک مسئلہ تھا۔ روس کی پیش قدمی کا خوف، قبائلی مزاحمت، دشوار گزار راستے، اور پانی کی قلت۔ ان سب کے باوجود فیصلہ ہو چکا تھا کہ یہاں ریلوے پہنچنی چاہیے۔ فوجی نقل و حرکت کے لیے، سامان رسانی کے لیے، اور سب سے بڑھ کر اقتدار کے استحکام کے لیے۔ ریلوے بچھانے سے پہلے زمین کو پڑھنا لازم تھا۔ یہ کام انگریز افسر اکیلے نہیں کر سکتے تھے۔ انہیں ایسے لوگوں کی ضرورت تھی جو مقامی موسم، زبان، مزاج اور زمین کی فطرت کو سمجھتے ہوں، مگر ساتھ ہی جدید سائنسی تعلیم بھی رکھتے ہوں۔ اسی لیے ہندوستان کے چند منتخب تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اس کام میں شامل کیا گیا، جنہوں نے روڑکی کے تھامسن کالج آف سول انجینئرنگ سے تعلیم حاصل کی تھی۔
یہ ادارہ اس وقت برطانوی ہندوستان میں انجینئرنگ کا سب سے بڑا مرکز تھا، جہاں ریاضی، سروے، مکینکس اور ہائیڈرولکس محض کتابی علم نہیں بلکہ عملی مشق کے ساتھ پڑھائے جاتے تھے۔ بلوچستان میں گزارے گئے وہ سال اس کی زندگی کے سب سے کٹھن اور سب سے خاموش سال تھے۔ وہ تھیوڈولائٹ کے ساتھ پہاڑ ناپتا، مگر اسی دوران انسانوں کو بھی ناپتا جاتا۔ وہ جانتا تھا کہ یہاں بچھنے والی ریلوے محض پٹری نہیں ہو گی بلکہ طاقت کی ایک نئی لکیر ہو گی۔ ان دنوں وہ سرکاری ریکارڈ کے لیے عدد لکھتا تھا، مگر اپنی ذاتی نوٹ بک میں جملے، تاثرات اور مشاہدے محفوظ کرتا جاتا۔ یہ وہی مشاہدے تھے جو بعد میں اس کی نثر کی بنیاد بننے والے تھے۔
جب 1880 میں وہ مستقل طور پر لکھنؤ واپس آیا تو وہ وہی شخص نہیں رہا تھا جو روڑکی سے نکلا تھا۔ اس کی آنکھوں میں اب محفلوں کی چمک کے ساتھ ساتھ پہاڑوں کی خاموشی بھی شامل ہو چکی تھی۔ لکھنؤ کی گلیاں، کوٹھے، محفلیں اور گفتگو۔ یہ سب اب اسے ایک نئے زاویے سے دکھائی دینے لگے۔ وہ عملی انجینئرنگ سے آہستہ آہستہ کنارہ کش ہو گیا اور سائنس، علم جوتش، علم فلکیات، تصنیف ستارہ شناسی اور شعر گوئی کی طرف مائل ہو گیا۔ شعر گوئی کے لئے اس نے اس زمانے کے لکھنؤ کے مشہور مرثیہ گو مرزا دبیر کی شاگردی اختیار کر لی، مگر اس کے لکھنے میں وہی ناپ تول، وہی ضبط اور وہی حقیقت پسندی موجود رہی جو کبھی سروے رپورٹ کا حصہ ہوتی تھی۔
1888 میں اس نے کرسچن کالج لکھنؤ میں ملازمت اختیار کر لی جہاں وہ عربی اور فارسی پڑھانے لگا۔ 1894 میں اس نے پرائیویٹ اسٹوڈنٹ کے طور پر پنجاب یونیورسٹی سے بی اے بھی کر لیا۔ وقت گزرتا رہا، دہائیاں بدلتی رہیں، اور اس کے اندر جمع شدہ مشاہدہ آخرکار ایک بڑی تخلیق کا مطالبہ کرنے لگا۔ یہ 1898۔ 1899 کا زمانہ تھا، جب اس نے وہ ناول لکھا جو اردو ادب میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہو گیا۔ اس ناول کا نام تھا ”امراؤ جان ادا“ ۔ امراؤ جان ادا محض ایک داستان نہیں تھی بلکہ ایک پورے عہد کی سماجی پیمائش تھی۔ بالکل ویسی ہی پیمائش جیسی وہ کبھی زمین کے لیے کیا کرتا تھا۔ 1899 میں اس کی اشاعت ہوئی، اور یوں وہ شخص جو کبھی ریلوے کے راستے ناپتا تھا، اب انسانی تقدیر کے راستے ناپنے لگا۔ امراؤ جان ادا کوئی روایتی داستان نہیں تھی۔ یہ نہ محض ایک طوائف کی کہانی تھی اور نہ ہی کسی گزرے ہوئے عہد کی رومانوی یاد۔ یہ ایک سماجی دستاویز تھی، جس میں عورت کی زندگی، اس کے استحصال، اس کی ذہانت، اس کی خودداری اور اس کی مجبوری سب ایک ساتھ موجود تھے۔ جس طرح ایک انجینئر زمین کی تہوں کو پڑھ کر راستہ نکالتا ہے، اسی طرح اس ناول میں معاشرے کی تہیں کھول کر دکھائی گئیں۔
امراؤ جان کا کردار کسی خیالی حسن کا مجسمہ نہیں بلکہ گوشت پوست کی عورت تھی، جو حالات کے ہاتھوں ایک خاص راستے پر ڈال دی گئی، مگر اس راستے میں بھی اس نے اپنی شناخت، اپنی زبان اور اپنی یادداشت کو زندہ رکھا۔ اس کی گفتگو میں شائستگی تھی، اس کی یادوں میں درد، اور اس کے طنز میں وہ کاٹ تھی جو صرف وہی شخص لکھ سکتا ہے جس نے اقتدار اور محرومی دونوں کو قریب سے دیکھا ہو۔ ناول کی سب سے بڑی خوبی یہی تھی کہ مصنف نے نہ اسے مظلوم بنا کر پیش کیا اور نہ ہی محض دل فریب۔ اس نے اسے انسان کی طرح دکھایا۔ کمزور، مضبوط، سمجھ دار اور مجبور، سب کچھ ایک ساتھ۔ اس ناول کے ساتھ ساتھ اس کی شاعری بھی اپنے پورے جوبن پر تھی۔ اس کی غزلوں میں وہی تھکن، وہی اداسی اور وہی وقار جھلکتا ہے جو کسی طویل فیلڈ اسائنمنٹ کے بعد دل میں اتر آتا ہے۔ اس کی شاعری میں نہ شور ہے نہ سطحی رومان، بلکہ ایک ایسا ٹھہراؤ ہے جو زندگی کو دیکھ چکنے کے بعد پیدا ہوتا ہے۔ اس کا پہلا کلام 1887 میں شائع ہوا۔ یہ ایک طویل نظم تھی جس میں لیلیٰ مجنوں کے عشق کی رومانی کہانی بیان کی گئی تھی۔
زندگی کے آخری مرحلے میں، جب لکھنؤ کی فضا اس کے لیے تنگ پڑنے لگی، تو وہ 1920 یا 1921 کے آس پاس حیدرآباد دکن چلا گیا۔ وہاں کا علمی ماحول، نسبتاً سکون، اور قدر دان فضا اس کے مزاج سے ہم آہنگ تھی۔ وہاں اس کو عثمانیہ یونیورسٹی کے دارالترجمہ میں اچھے مشاہرہ پر ملازمت مل گئی۔ یہیں اس نے اپنی عمر کے آخری برس تصنیف، تدریس اور غور و فکر میں گزارے۔ وہ اب مکمل طور پر اس دنیا سے الگ ہو چکا تھا جہاں کبھی تھیوڈولائٹ اور نقشے ان کے ساتھی تھے، مگر ان کا عکس اب بھی اس کی تحریر میں زندہ تھا۔
یہ سب محض تاریخ نہیں، بلکہ ایک ایسے ذہن کی مسلسل ارتقا کی کہانی ہے۔ ایک ذہن جس کا نام تھا مرزا ہادی رُسوا۔ مرزا ہادی رُسوا 1857 میں لکھنؤ میں پیدا ہوئے اور چوہتر سال کی عمر میں 21 اکتوبر 1931 میں حیدرآباد دکن میں انتقال کر گئے اور وہیں تدفین ہوئی۔





