ا- فیچربلاگفیچرز

یوکرین کا فوجی ٹرک اور بابن یار کا جنگل

anwar iqbal

میں یوکرین کسی عام مسافر کی طرح نہیں گیا تھا۔ کیف کے چرچ، دریائے دنیپرو کی نمی، پرانی ٹراموں کی کھنک۔ یہ سب میری منزل نہیں تھے۔ میں ایک بھاری ٹرک کے سلسلے میں گیا تھا، ایسا ٹرک جو وزن کو نہیں، بلکہ زمین کی سختیوں کو اٹھا کر آگے بڑھتا ہے۔ یوکرین میں بننے والا یہ ٹرک اپنی طاقت، برداشت اور بھاری وزن اٹھانے کی صلاحیت کے باعث مشہور ہے۔ میں خاص طور پر اس کے اس ماڈل میں دلچسپی رکھتا تھا جو فوجی ٹینک اٹھا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکتا ہے۔ میرے ذہن میں حساب کتاب، میکانکی جزئیات اور پائیداری کے سوالات تھے۔ میں سوچ رہا تھا کہ اگر یہ ٹرک پاکستان کی سڑکوں، ریگستانوں اور پہاڑوں پر چلے تو کیسا رہے گا۔ لیکن انسان کے سفر ہمیشہ ویسے نہیں رہتے جیسے میز پر رکھی فائلوں میں بند ہوتے ہیں۔ کچھ جگہیں اس کی سوچ کو بدل دیتی ہیں۔ کیف پہنچ کر ایک مقامی نے سرسری انداز میں کہا کہ اگر وقت ملے تو بابن یار ضرور دیکھ لیجیے۔ میں نے سنا تھا مگر حقیقت اتنی واضح نہ تھی۔ میں نے سوچا کہ چلتے چلتے دیکھ لوں گا۔ مگر مجھے کیا علم تھا کہ یہ وادی میرے سفر کی سمت بدل دے گی۔

کیف کے بائیں کنارے کے جنگل جیسے حصے میں ایک قدیم درہ ہے، بابن یار۔ میں وہاں پہنچا تو فضا میں ایک ایسا سناٹا تھا جس میں تاریخ کی سانس چلتی محسوس ہوتی تھی۔ پتے درختوں سے ٹوٹ کر گرتے تو لگتا جیسے ہر پتا ایک بھولی ہوئی چیخ ہو۔ اکتوبر کی نمی اور مٹی کی خوشبو میں ایک ایسی گہرائی تھی جو عام جگہوں میں نہیں ملتی۔ میں چند قدم آگے بڑھا تو اچانک یوں لگا جیسے زمین کے نیچے کوئی بھاری بوجھ کروٹ لیتا ہو۔ یہی وہ وادی ہے جو 1941 کی خزاں میں انسانی تاریخ کے ایک بڑے قتل عام کی گواہ بنی۔ جرمن نازیوں نے کیف پر قبضہ کرنے کے کچھ ہی دن بعد شہر کے یہودی خاندانوں کو حکم دیا کہ ضروری سامان اور کاغذات لے کر ایک خاص مقام پر جمع ہوں۔ بہت سے لوگ یہی سمجھے کہ انہیں جبری طور پر کہیں منتقل کیا جا رہا ہے، جیسے جنگوں میں اکثر ہوتا ہے۔ عورتیں بچوں کا ہاتھ تھامے چلیں، بوڑھے اپنی چھڑیاں ٹیکتے آگے بڑھے، اور نوجوان مرد خاندانوں کے ساتھ کھڑے رہے۔ کوئی نہیں جانتا تھا کہ آگے ایک ایسا درہ ہے جو انہیں زندگی سے کاٹ دے گا۔

دو دن میں بتیس ہزار سے زیادہ انسان اس وادی میں مارے گئے۔ یہ تعداد آج بھی پڑھ کر ذہن سُن ہو جاتا ہے، لیکن وہاں کھڑے ہو کر مجھے لگا جیسے یہ اعداد نہیں، ایک ایک چہرہ ہے، ایک ایک نام ہے، ایک ایک گھر ہے جسے مٹی نے نگل لیا۔ وادی صرف ایک بار نہیں، دو برس تک مسلسل موت کا مرکز بنی رہی۔ یہاں صرف یہودی ہی نہیں، بلکہ رومی خاندان، سوویت جنگی قیدی، سیاسی مخالف اور بے شمار بے نام لوگ مارے گئے۔ کوئی درست تعداد آج تک نہیں جانتا کیونکہ ظالموں نے نہ صرف انسانوں کو مارا بلکہ ان کی یادوں کو بھی مٹانے کی کوشش کی۔ میں گھاس پر کھڑا یہ سب سوچ رہا تھا کہ میرے قدموں کے نیچے وہی مٹی ہے جسے کبھی انسانوں کے خون نے سرخ کیا تھا۔ مجھے محسوس ہوا کہ زمین کے اندر کوئی گہری خاموشی ہلتی ہے، جیسے وہ اندر ہی اندر کچھ کہنے کی کوشش کر رہی ہو مگر لفظ اس کے پاس نہ ہوں۔

بابن یار کے قریب ہی ”سائرٹس“ نام کا کیمپ کبھی قائم تھا جہاں قیدیوں کو بھوکا رکھا جاتا، زنجیروں میں جکڑا جاتا، اور وحشیانہ مشقت کرائی جاتی۔ جب 1943 میں جرمنوں کو محسوس ہوا کہ جنگ کا رُخ بدل رہا ہے اور سوویت فوج واپس آ سکتی ہے، تو ان کے دل میں خوف پیدا ہوا کہ یہ اجتماعی قبریں ان کے تمام جرائم کو دنیا کے سامنے لا کھڑا کریں گی۔ تب انہوں نے ایک ایسا حکم دیا جو شاید انسانیت کے خلاف جرائم میں سب سے ہولناک ہے۔ قیدیوں کو کہا گیا کہ انہی قبروں کو دوبارہ کھود کر لاشیں نکالو، انہیں چتاؤں پر جلاؤ، ہڈیاں توڑ کر باریک کر دو اور راکھ ہوا میں اڑا دو۔ یہ وہ کام تھا جسے سوچ کر بھی انسان کی روح کانپ جائے۔ کئی قیدی اس مشقت میں ہی مر گئے، کئی کو وہیں گولی مار دی گئی، اور کئی زخموں سے نڈھال ہو کر گر پڑے۔ لیکن جنہوں نے یہ سب کیا، وہ جانتے تھے کہ ان کی اپنی زندگی بھی چند دن کی مہمان ہے۔ انہی قیدیوں نے بعد میں بغاوت کی۔ وہ جانتے تھے کہ بھاگنے کی کوشش میں شاید سب مارے جائیں، مگر وہ یہ بھی جانتے تھے کہ خاموش رہ کر مر جانا اس سے بھی بڑا جرم ہے۔ انہوں نے تاریں کاٹیں، آگ لگائی، اور اندھیرے میں بھاگ نکلے۔ زیادہ تر مارے گئے، صرف چند زندہ رہے اور انہی کی گواہی پر دنیا نے جانا کہ بابن یار کی زمین میں کتنی چیخیں دفن ہیں۔ یہ سب میں اُس جگہ کھڑے سوچ رہا تھا جبکہ یوکرین آنے کا میرا مقصد بالکل مختلف تھا۔ اگلے دن جب میں ٹرک فیکٹری گیا تو وہی بھاری مشینیں، ویلڈنگ کی چمک، لوہے کے ٹکڑوں کی آوازیں، سب کچھ الگ دنیا کا منظر لگ رہا تھا۔ میں ٹرک کی طاقت، اس کے لوڈ، اس کی رفتار اور ساخت کے بارے میں سوال کر رہا تھا، انجینئر جواب دے رہے تھے، لیکن میرے ذہن کے کونے میں بابن یار کی وادی اب بھی زندہ تھی۔ فیکٹری کے شور میں بھی مجھے کبھی کبھی ایسا لگتا تھا جیسے کہیں دور کوئی خاموشی مجھے آواز دے رہی ہو۔ جب میں نے ہاتھ اس مضبوط اسٹیل پر رکھا جو کسی ٹینک کو کھینچ کر لے جا سکتا ہے، تو مجھے لگا کہ اصل وزن اسٹیل کا نہیں ہوتا، تاریخ کا ہوتا ہے۔ اور تاریخ کے وزن کو کوئی مشین نہیں اٹھا سکتی۔

Russia / Ukraine: German ‘einsatzgruppen’ paramilitary death squads murder Jews in the Ukraine, July-September 1941

شام کو جب میں اپنے ہوٹل کے کمروں میں پہونچا تو میرا دل بے چین تھا میں دوبارہ بابن یار چلا گیا وہاں ہوا پہلے سے نرم تھی۔ شاید اس لئے کہ اب میں اس وادی کا درد سمجھ چکا تھا۔ میں گھاس پر بیٹھا اور کافی دیر دیکھتا رہا۔ مجھے یوں لگا جیسے یہ جگہ نہ صرف ماضی کی گواہ ہے بلکہ مستقبل کا سوال بھی پوچھتی ہے۔ اگر انسان نے نفرت کو نہ روکا، اگر اس نے طاقت کے نشے سے خود کو نہ نکالا، تو کوئی بھی زمین، کوئی بھی ملک، کوئی بھی وادی بابن یار بن سکتی ہے۔ پاکستان واپس آ کر جب لوگوں نے پوچھا کہ یوکرین میں کیا دیکھا، کیسی جگہ لگی، ٹرک کیسا تھا، تو میں نے مختصر سا جواب دیا کہ ٹرک واقعی مضبوط ہے۔ لیکن اس سفر میں مجھ پر جو سب سے بھاری چیز پڑی، وہ اسٹیل نہیں تھا، وہ ایک وادی کی خاموشی تھی جس میں ہزاروں انسانوں کی گمشدہ سانسیں آج بھی گونجتی ہیں۔

بابن یار کی وادی سے نکل کر جب میں دوبارہ اپنے سفر کے مقصد یعنی بھاری ٹرک کی فیکٹری کی طرف لوٹ رہا تھا، تو میرے دل کے اندر ایک اور سوال بے چینی سے کروٹ لے رہا تھا۔ میں سوچ رہا تھا کہ اتنا بڑا قتلِ عام، اتنی بڑی بستی مٹی میں ملا دی گئی، ہزاروں لوگ دو دن میں ختم کر دیے گئے، پھر دو برس تک یہ وادی موت کا مرکز بنی رہی، قبروں کو دوبارہ کھود کر لاشیں جلائی گئیں، ہڈیاں پیسی گئیں، راکھ ہوا میں بکھیر دی گئی۔ تو آخر اس سب کے ذمہ دار کون تھے؟ کیا وہ پکڑے گئے؟ کیا انہیں سزا ملی؟ یا وہ سب دنیا سے اسی طرح گزر گئے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں تھا؟ میرا ذہن ان چہروں کے پیچھے دوڑ رہا تھا جنہیں میں نے کبھی دیکھا نہیں مگر جن کے فیصلوں نے پوری ایک وادی کو سوگواری کا مزار بنا دیا۔ تاریخ نے یہاں بھی ایک عجیب دھوپ دکھائی ہے : کچھ مجرم پکڑے گئے، چند کو سزا ملی، کچھ عدالت کے دروازے تک پہنچے ہی نہیں، اور کئی ایسے بھی تھے جو جنگ کے بعد آرام کی زندگی گزارتے رہے، جیسے ان کے ہاتھ کبھی انسانوں کے خون سے رنگے ہی نہ ہوں۔

بابن یار میں اجتماعی قتل کا سب سے بڑا محرک ایک جرمن افسر تھا جس نے وہ تمام انتظامات ترتیب دیے جن کی بنا پر ہزاروں لوگوں کو بے رحمی کے ساتھ اس درے میں مارا گیا۔ اسے جنگ کے بعد گرفتار کیا گیا اور سابقہ سوویت ریاستوں میں ہونے والے ایک بڑے مقدمے میں پیش کیا گیا جہاں اسے سرِعام پھانسی دے دی گئی۔ یہ وہ مجرم تھا جسے اس کے ظالمانہ منصوبے کی وجہ سے چھپایا نہیں جا سکا۔ مگر دوسری طرف ایک اور اہم جرمن افسر تھا جو کیف کا ملٹری کمانڈر رہا، اور اسی کے حکم ناموں پر کئی بڑے فیصلے ہوئے۔ وہ گرفتار تو ہوا، لیکن ٹرائل شروع ہونے سے پہلے ہی اس نے جیل میں جان دے کر اپنے انجام سے بھاگنے کی کوشش کی۔ عدالت کو وہ جواب کبھی نہ مل سکے جو اس کی زبان سے نکلنے تھے۔ ایک اور سفاک کردار وہ افسر تھا جسے بابن یار کی قبروں کو دوبارہ کھود کر لاشوں کو جلانے کا منصوبہ دیا گیا، تاکہ قتلِ عام کے ثبوت دنیا سے مٹا دیے جائیں۔ اس کی نگرانی میں وہ خوفناک کام ہوا جس میں قیدیوں کو مجبور کیا گیا کہ وہ اپنے ہی جیسے مرے ہوئے لوگوں کی لاشیں نکالیں، آگ میں ڈالیں، جلی ہوئی ہڈیوں کو توڑ کر باریک کریں، پھر راکھ کو وادی میں بکھیر دیں۔ اس کا انجام یہ ہوا کہ وہ جنگ کے بعد پکڑا گیا، مقدمہ چلا اور آخرکار اسے بھی سزا دے دی گئی۔ لیکن وہ سزا بھی ان اذیتوں کے مقابلے میں کیا تھی جو اس کے حکم پر دی گئی تھیں؟ ان بڑے افسروں کے علاوہ بھی بہت سے لوگ اس قتلِ عام میں شامل تھے۔ کچھ ایسے تھے جو نگرانی کرتے تھے، کچھ ایسے جن کے ہاتھ خود بندوق پر تھے، کچھ ایسے جنہوں نے خاموشی کے ساتھ حکم بجا لایا، اور کچھ وہ تھے جو مقامی لوگ ہونے کے باوجود ظالموں کا ساتھ دیتے رہے۔ ان میں سے کئی کو جنگ کے بعد سوویت حکام نے پکڑا۔ کچھ کو مشقت کی سزائیں ملیں، کچھ کو سیدھی موت، لیکن بے شمار ایسے بھی تھے جن کے خلاف ٹھوس شواہد نہ مل سکے اور یوں وہ سزا سے بچ گئے۔

سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ کئی بڑے نام ایسے تھے جنہوں نے قتلِ عام کے احکامات پر دستخط کیے، منصوبہ بندی کی، اور پوری کارروائی کو آگے بڑھایا۔ لیکن جب جنگ ختم ہوئی تو وہ نیورمبرگ جیسے بڑے ٹرائل میں شامل ہی نہ کیے گئے۔ انہیں یا تو فوجی طور پر کم اہم سمجھا گیا یا سیاسی مصلحتوں کے باعث نظرانداز کر دیا گیا۔ یوں وہ اپنے گھروں میں رہے، نئی زندگیاں گزاریں، اور شاید کبھی کسی عدالت کے سامنے یہ سوال بھی نہ رکھا گیا کہ تم نے انسانوں کے ساتھ یہ کیا کیا؟ یہ سارے چہرے میرے ذہن میں ایک ساتھ ابھر رہے تھے۔ میں ٹرک کی فیکٹری کے شور میں بھی انہیں محسوس کر رہا تھا۔ مجھے لگتا تھا کہ کوئی مشین، کوئی اسٹیل، کوئی دھات تاریخ کے ان زخموں کو بھر نہیں سکتی جنہیں انسانیت نے خود اپنے ہاتھوں لگایا۔ کچھ مجرم ضرور انجام تک پہنچے، لیکن ہزاروں چیخیں، ہزاروں آنسو، ہزاروں ٹوٹے ہوئے خاندان آج بھی اس وادی میں گونجتے ہیں۔ وہ گونج اس وقت بھی میرے کانوں میں تھی جب میں فیکٹری کے شور میں ٹرک کے ہڈ کے نیچے جھانک رہا تھا۔ طاقت وہاں بھی تھی، موت یہاں بھی تھی، مگر انصاف کہیں ادھورا رہ گیا تھا۔ مجھے یہ سب سوچ کر ایک عجیب دکھ محسوس ہوا کہ اگر کسی وادی میں اتنی بڑی قیامت برپا ہو اور دنیا کے کئی مجرم بچ نکلیں تو تاریخ کے دل پر کیسا زخم بنتا ہو گا۔ اس دن مجھے لگا کہ بابن یار صرف ایک ماضی نہیں، ایک آئندہ کا سوال بھی ہے۔ کہ اگر ہم نے ظلم کے خلاف آواز نہ اٹھائی، اگر ہم نے تاریخ کو یاد نہ رکھا، تو یہی زمین کسی اور وقت، کسی اور ملک میں دوبارہ اس طرح کی چیخوں کو جنم دے سکتی ہے۔

میں پاکستان واپس آیا تو بابن یار میرے ذہن سے نہ نکلا۔ میں سوچتا رہا کہ میرے ملک میں کتنے لوگ اس وادی کا نام جانتے ہیں؟ کتنے لوگ جانتے ہیں کہ ظلم کا انجام ہمیشہ چشمِ فلک پر نہیں لکھا جاتا، کئی بار ظالم کا جسم تو پکڑ لیا جاتا ہے مگر پورا انصاف نہیں ہو پاتا۔ اور کئی بار وہ لوگ جن کے ہاتھ خون سے رنگے ہوتے ہیں، وہیں کے وہیں زندگی گزار کر دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔ میں نے یوں محسوس کیا جیسے بابن یار مجھے پیچھے سے آواز دے رہا ہو، کہ تم میرے بارے میں لکھو، جاننے والوں کو بتاؤ کہ یہ زمین چیخوں کا مزار ہے، ان مظلوموں کی گواہ ہے جن کے قاتل سب کے سامنے سزا نہ پا سکے۔ شاید اسی لئے میں یہ سب لکھ رہا ہوں۔ کہ میرا قاری جان سکے کہ ظلم جب اپنی طاقت پر گھمنڈ کرتا ہے تو تاریخ اسے کبھی مکمل معاف نہیں کرتی، مگر کبھی مکمل پکڑ بھی نہیں پاتی۔

یہی دنیا کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ آج بھی روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے۔ کیف پندرہ سو سال پرانا شہر ہے اور ان پندرہ سو سالوں میں دو سے زائد مرتبہ اس شہر پر بیرونی قوتوں نے حملے کیے، قبضہ کیا اور مقامی آبادی پر ظلم ڈھائے۔ میری دعا ہے! اس شہر میں اب ایسی کوئی صورتحال پیدا نہ ہو۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW