اسلام آباد کی اس صبح میں ایک عجیب سی دھند رچی ہوئی تھی۔ جیسے قدرت نے خود اپنے پردے کے پیچھے کوئی گہرا سفر روک کر رکھا ہو۔ شکرپڑیاں کی پہاڑیاں ہلکی روشنی میں ڈھکی ہوئی تھیں، اور دور کہیں ایف سولہ کے انجن کی آواز نے اس خاموشی کو چیر دیا۔ فضا میں ایک انجانی لرزش پیدا ہوئی، اور ہر ذی روح نے محسوس کیا کہ آج کے دن کے سینے میں کوئی خاص دھڑکن بیدار ہے۔ پاکستان ائر فورس کا یہ طیارہ، چمکتے ہوئے اسٹیل کے پروں کے ساتھ آسمان کو چیرتا ہوا اوپر اُٹھ رہا تھا۔ اُس کا پائلٹ تھا و نگ کمانڈر نعمان اکرم۔ وہی نعمان جو کئی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کر چکا تھا، جس نے اپنی مہارت، اپنے عزم اور اپنے وقار سے ثابت کیا تھا کہ آسمان صرف جہازوں کا نہیں، بہادروں کا قلعہ بھی ہوتا ہے۔ 11 مارچ 2020 کی اس صبح وہ 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل میں مصروف تھا؛ وہی فن، وہی پرواز، وہی جہاز کو مہارت سے قلابازیاں دینا ہوا میں کرتب دکھانا جو اُس کے کیریئر کی پہچان تھا۔ نعمان کی زندگی ایک جرات مند ہواباز کی زندگی تھی، مگر اُس کے اندر ایک شوہر، ایک باپ اور ایک بیٹا بھی تھا۔ اور یہ تینوں اُس کی شخصیت کے ایسے گوشے تھے جنہیں اُس نے ہمیشہ سنبھال سنوار کر رکھا۔ لاہور کے گھر میں اُس کی دو بچوں کی ہنسی اُس کے دن کی پہلی خوشی ہوتی، اور بیوی کی دعا اس کی ہر پرواز کی پہلی حفاظت۔ وردی اُس کی پہچان تھی، مگر گھر اُس کی حقیقت۔ مگر اُس صبح حقیقت اور فرض کے درمیان فاصلے بہت کم رہ گئے تھے۔ طیارہ اپنی رفتار کے جلال میں نیلے آسمان پر ایک محراب بنا رہا تھا۔ نیچے اسلام آباد کا منظر، اپنی پوری خاموشی کے ساتھ اس ایک طیارے کو دیکھ رہا تھا۔ جیسے پوری زمین سانس روکے ایک لمحے کا انتظار کر رہی ہو۔ جب وہ ایف سولہ ایک لوپ بناتا ہوا نیچے آیا تو کچھ لمحوں میں ہوا بدل گئی۔ انجن میں ہلکی سی لرزش محسوس ہوئی۔ یہ وہ مقام تھا جہاں ایک ہواباز کے پاس چند ہی سیکنڈ ہوتے ہیں۔ اور اُن چند سیکنڈوں میں قومیں طے کرتی ہیں کہ ہیرو کون ہے۔ نعمان کے سامنے ایک انتخاب تھا۔ اپنی نشست کو ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لے، یا آخری لمحے تک کوشش کرے کہ گرتا ہوا طیارہ کسی گنجان آبادی میں جا کر تباہ نہ ہو۔ اُس نے دوسری راہ چنی۔ اُس کے ہاتھ نے اسٹک کو آخری بار مضبوطی سے تھاما، اُس نے طیارے کی ناک کو موڑا، اور بستی کو محفوظ کر گیا۔ چند لمحوں بعد شکرپڑیاں کے سبز میدان میں آگ کا ایک گولہ اٹھا، اور فضا نے ایک سپاہی کو ہمیشہ کے لیے اپنے دامن میں سمیٹ لیا۔
یہ کوئی حادثہ نہیں تھا۔ یہ ایک قربانی تھی۔ ایک باپ اپنی اولاد سے بڑھ کر زمین پر بسنے والے بچوں کو بچاتے ہوئے گیا۔ ایک شوہر اپنی گھریلو راحت سے بڑھ کر قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے رخصت ہوا۔ ایک پائلٹ اپنی جان سے بڑھ کر اپنے جہاز کے راستے کو محفوظ بناتا ہوا امر ہو گیا۔ نعمان کی شہادت کے بعد لاہور میں اُس کی نمازِ جنازہ ادا ہوئی۔ ایک لمحے میں وقت جیسے سست ہو گیا۔ فضائیہ کے افسران، شہری، بزرگ، بچے۔ سب ایک قطار میں کھڑے تھے۔ اُن کی آنکھوں میں غم بھی تھا، مگر فخر بھی۔ نعمان کی بیوہ نے اپنے دونوں بچوں کے سر تھام رکھے تھے۔ اُن معصوم چہروں پر ایک ایسا خلا کھل گیا تھا جو شاید زندگی بھر اُن کے اندر رہے گا۔ مگر یہ لمحات اس بات کے گواہ بن گئے کہ ان کے والد نے آخری سانس تک ایک بہادر کی طرح اپنے ملک کو ترجیح دی اور پھر کہانی یہاں رُک نہیں جاتی۔ وقت بدلتا ہے، مقام بدلتا ہے، سرحد بدلتی ہے، مگر دکھ، محبت، قربانی اور وردی کا رنگ وہی رہتا ہے۔
برسوں بعد ہندوستان کی وادیوں میں، بسنے والا ایک اور ہواباز اپنی آخری پرواز لکھتا ہے۔ دبئی ائر شو کا وہ روشن دن جس میں دنیا کے بہترین ہواباز، بہترین مشقیں اور آسمان پر سب سے مشکل ہوائی کرتب دکھانے کو تیار ہوتے ہیں۔ اور انہی میں ایک تھا۔ ونگ کمانڈر نمنش سیال، 34 سالہ ہنس مکھ، مضبوط، چاق و چوبند اور فرض شناس نوجوان افسر، جو اپنے ملک کی نمائندگی کر رہا تھا۔ وہ تیجس لائٹ کومبیٹ طیارہ اُڑا رہا تھا۔ نیلا آسمان، دبئی کی روشنی، ہزاروں لوگ اور ایک ہواباز، ایک ہی کرتب میں بندھے ہوئے۔ لیکن چند لمحے ایسے ہوتے ہیں جن میں تقدیر اپنی مرضی لکھتی ہے۔ ہوائی کرتب کے دوران طیارہ قابو سے باہر ہوا، جھکا، گھوما، اور پھر ایک لمحے میں زمین کی طرف لپکا۔ آگ کے شعلوں نے اس کا استقبال کیا اور ایک بہترین ہواباز صرف سیکنڈوں میں دنیا سے رخصت ہو گیا۔
جب نمنش کا جسدِ خاکی ہماچل پردیش کے پٹیالکر گاؤں پہنچا تو وادی پر ایک گہری اداسی اتر چکی تھی۔ ہر درخت، ہر پتھر، ہر ہوائی جھونکا جیسے اس کا سوگ منا رہا تھا۔ مگر اس منظر میں سب سے دل شکن وہ پیکر تھا جو وقت نے سب سے مضبوط بنا دیا تھا۔ اُس کی اہلیہ، ونگ کمانڈر افشاں مذہباً مسلمان، دل سے ایک باوفا بیوی اور پیشے سے ایک مضبوط افسر، وہ اس وقت تینوں تھیں۔ ان کی آنکھوں میں نمی تھی، مگر اُن کے ہاتھ میں سلیوٹ کی سیدھی لائن قائم تھی۔ انہوں نے اپنے شوہر کو آخری سلام اُس وقار سے دیا جسے دیکھ کر ہر دل لرز گیا۔ وہ منظر، وہ سلیوٹ۔ وہ ایسا لمحہ تھا جسے دیکھ کر لگتا تھا کہ وردی کبھی کمزور نہیں ہوتی، صرف دل ٹوٹتے ہیں۔ افشاں کی ننھی بیٹی آرِیا خاموش کھڑی تھی۔ کسی بچے کے چہرے پر اتنی گہری خاموشی کم ہی دیکھی جاتی ہے، لیکن اُس کے آنسوؤں نے بتا دیا کہ ہوابازوں کی دنیا میں قربانی صرف آسمان پر نہیں، گھروں میں بھی اترتی ہے۔ دو ملک، دو حادثے، دو سپاہی، دو گھر اور ایک ہی درد۔ ایک سا خلاء، ایک سی خاموشی، ایک جیسے زخم۔ نعمان اکرم نے بستی بچائی تھی، نمنش سیال دنیا کا آسمان روشن کرنے نکلا تھا۔ ایک نے بچوں کو محفوظ کیا، دوسرے نے قوم کا سر بلند کیا۔ ایک کی بیوی نے بچوں کے سر تھامے رکھے، دوسری نے آخری سلیوٹ میں شوہر کی روح کو سلام کیا۔
مگر ان دونوں واقعات میں ایک بات سب سے زیادہ روشن ہو کر سامنے آتی ہے۔ یہ کہ قربانی، وقار اور سپاہ گری کی زبان سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتی۔ سپاہی کبھی صرف ایک ملک کے نہیں ہوتے۔ وہ انسانیت کے سپاہی ہوتے ہیں۔ دونوں گھروں کے زخم ایک جیسے ہیں، دونوں خاندانوں کی اذیت ایک جیسی، دونوں کے دل ایک جیسے ٹوٹے ہوئے۔ مگر دونوں کے سروں پر فخر بھی ایک جیسا ہے۔ نعمان اکرم اور نمنش سیال جیسے ہواباز ثابت کرتے ہیں کہ آسمان کی بلندی انسان کے رتبے کا اندازہ نہیں بتاتی۔ اصل بلندی وہ ہوتی ہے جب ہواباز آخری سانس تک اپنے فرض پر قائم رہتا ہے۔
قربانی کبھی حادثہ نہیں ہوتی۔ قربانی وہ فیصلہ ہے جو آخری لمحے میں، آخری سانس پر، دل کے اندر چھپی ہوئی محبت سے نکلتا ہے۔ یہ محبت کبھی صرف وطن کی نہیں ہوتی، کبھی صرف خاندان کی نہیں۔ یہ اُن تمام چہروں کی ہوتی ہے جو زمین پر زندگی گزار رہے ہوتے ہیں اور یوں، ایک پاکستانی ہواباز اور ایک بھارتی ہواباز، دو الگ آسمانوں کے مسافر سہی، مگر دونوں نے ایک ہی بات ثابت کی کہ جب دل کا آسمان بڑا ہو جائے، تو سرحدیں چھوٹی پڑ جاتی ہیں۔



