یوگنڈا سے واپسی کے بعد ہم نے زنجبار کا سفر کیا، مگر اس بار ہوائی جہاز سے نہیں بلکہ سمندری فیری سے، دارالسلام کی بندرگاہ پر سفید فیری تیار تھی، اور جیسے ہی ہم نے انجن کی ہلکی گڑگڑاہٹ سنی، سمندر میں قدم رکھتے ہی دل تازگی سے بھر گیا۔ بحرِ ہند کے پانی کی نیلاہٹ، سنہری روشنی اور ہلکی نمکین ہوا نے ہر لمحے کو جادوئی بنا دیا تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد ہم زنجبار کے ساحل پر تھے۔ فضا میں ناریل کے درختوں کی مہک تھی۔ مگر اس خوبصورتی کے پیچھے ایک اور کہانی چھپی تھی۔ ایک تلخ، مگر سچی کہانی۔ زنجبار پہنچ کر ہم نے اسٹون ٹاؤن کی گلیوں میں قدم رکھا، جہاں ہر پتھر کسی داستان کا راز سناتا ہے۔ ہم نے وہ مقام بھی دیکھا جہاں کبھی غلاموں کی منڈی لگی تھی، اور نیچے تنگ تہہ خانوں میں ہزاروں انسان بندھے رہتے تھے۔ یہ وہ جگہ تھی جہاں انسانیت کی تلخی اور تجارت کا سناٹا ایک ساتھ محسوس ہوتا تھا۔ گائیڈ نے بتایا کہ یہی وہ جگہ ہے جہاں سے افریقہ کے ہزاروں مرد و عورت بحری جہازوں کے ذریعے عرب، ہند، اور دوسرے ملکوں کو بیچے جاتے تھے۔ ہم خاموش کھڑے تھے۔ دیواروں پر تاریخ کی چیخیں سنائی دے رہی تھیں۔ گائیڈ کی آواز مدھم ہوئی: ”یہی وہ پتھر ہیں جن پر انسان کی قیمت لگتی تھی۔ اور سمندر خاموش تماشائی تھا۔“
اس کے بعد ہم نے پتھر کے قلعے کا رُخ کیا۔ وہی قلعہ جو کبھی عمان کے سلطانوں کے زیرِ قبضہ تھا۔ زنجبار کئی دہائیوں تک سلطنتِ عمان کا مرکز رہا۔ یہاں کے بازاروں، گھروں، اور مساجد میں آج بھی عرب طرزِ تعمیر کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔ پھر تاریخ کا پہیہ گھوما۔ انیسویں صدی کے آخر میں جرمنوں نے قبضہ کیا، بعد میں برطانوی راج آیا، اور ہر دور نے اس جزیرے پر اپنے نشان چھوڑے۔ آج کے دور میں، یہ قلعہ ثقافتی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں زندگی کی مختلف ثقافتی تقریبات اور زنجبار انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد ہوتا ہے۔ یہاں ایک کھلا ایمفی تھیٹر بھی ہے جہاں شام کو موسیقی اور رقص کی محافل سجائی جاتی ہیں، اور قلعے کے اندر چھوٹی دکانیں بھی ہیں جو مقامی ہنر اور تحائف فروخت کرتی ہیں۔ یہ قلعہ زنجبار کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے جو عمانی، افریقی، اور پرتگالی اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسرے دن گائیڈ ہمیں پرانی ریلوے لائن کے آثار دکھانے لے گیا۔ زنجبار کی یہ ریلوے کبھی اسٹون ٹاؤن سے لے کر جزیرے کے شمالی حصے تک جاتی تھی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ بند ہو گئی۔ پٹریاں اب زنگ آلود ہو چکی ہیں، اور گھاس میں چھپی ہوئی سوئیوں کی طرح وقت کی خاموش گواہی دے رہی ہیں۔ گائیڈ نے مسکرا کر کہا، زنجبار میں ریلوے کی تاریخ بہت دلچسپ اور منفرد ہے کیونکہ یہ مشرقی وسطی اور افریقہ کا پہلا اسٹیم لوکوموٹیو ریلوے نظام تھا۔ سال 1879 میں سلطان بارغش بن سعید نے اسٹون ٹاؤن سے چوکوانی تک سات میل لمبی ریل لائن بنوائی تھی، جسے ابتدا میں خچروں سے کھینچا جاتا تھا۔ 1881 میں، سلطان نے انگلینڈ سے ایک اسٹیم لوکوموٹیو منگوایا، جس سے زنجبار میں ریل کا نظام جدید شکل اختیار کر گیا۔ تاہم، سلطان کی وفات کے بعد 1888 میں یہ لائن ختم کر دی گئی۔ بعد میں 1905 میں، امریکی کمپنی آرنولڈ چینی نے ایک سات میل لمبی ریلوے لائن بنائی جو اسٹون ٹاؤن سے بوبوبو گاؤں تک جاتی تھی۔ اسے ”بوبوبو ریلوے“ کے نام سے جانا جاتا تھا، جو مقامی لوگوں اور سیاحوں میں بہت مقبول تھی۔ یہ ریل روزانہ کئی بار چلتی تھی اور مسافروں کے علاوہ پتھر اور مرجان لے جانے کے لئے بھی استعمال ہوتی تھی۔ 1911 میں حکومت نے اس لائن کو اپنے کنٹرول میں لے لیا، مگر 1922 میں مسافر سروس بند ہو گئی اور 1930 کے آس پاس مکمل طور پر بند ہو گئی۔ یہ ریلوے زنجبار کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم تھا اور اگر اسے جاری رکھا گیا ہوتا تو مشرقی افریقہ کے ریل نیٹ ورک کی ترقی میں زنجبار کی اہمیت بہت زیادہ ہو سکتی تھی۔ آج بھی اس ریلوے کے کچھ آثار موجود ہیں، جیسے پل اور ریل کی بچھائی گئی جگہیں، اور یہ زنجبار کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔ حال ہی میں زنجبار کی حکومت نے اس ریلوے کو دوبارہ بحال کرنے کی بات کی ہے تاکہ جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا سکے۔
شام کے دھندلکے پھیل رہے تھے۔ اسٹون ٹاؤن کی گلیاں غروبِ آفتاب کے ساتھ بدل جاتی ہیں۔ دن کا شور دھیما پڑتا ہے اور جگہ جگہ لٹکتے قمقموں کی ہلکی پیلی روشنی تنگ گلیوں کو کسی پرانی عربی داستان کا منظر بنا دیتی ہے۔ لکڑی کے دروازے جن پر دن میں کاریگری نظر آتی تھی، رات کو ایسے لگتے ہیں جیسے اپنی آنکھیں کھول کر مسافروں کو دیکھ رہے ہوں۔ دکانوں کی چھوٹی بتیوں میں بیٹھے دستکار اپنی آخری چیزیں سمیٹ رہے ہوتے ہیں۔ سواحلی کنگن، صندل کی لکڑی کے چھوٹے ڈبے، ہاتھ سے کھدی پرانی کشتیوں کے نمونے۔ اور ان سب کے درمیان سے گزرتی ہوا میں کبھی لونگ کی خوشبو آتی ہے، کبھی تلی ہوئی مچھلی کی۔ اسٹون ٹاؤن کی چھتوں پر بھی ایک الگ زندگی تھی۔ چند گھروں کی چھتوں پر لوگ چٹائیاں بچھائے بیٹھے تھے، کہیں چائے بن رہی تھی، کہیں خاموشی سے سمندر دیکھا جا رہا تھا، کہیں بچے کھیل رہے تھے۔ ان چھتوں سے شہر کا منظر ایسا لگتا تھا جیسے کوئی پرانی سیاہ و سفید فلم ہو جس میں ہر فریم اپنے اندر ایک چھپی کہانی رکھتا ہو۔
شام کے وقت سمندر کی طرف بڑھتے ہوئے راستے میں چھوٹے چھوٹے کھانوں کے اسٹال لگنا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہ وہ مشہور ”فورو دھانی نائیٹ مارکیٹ“ ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اگر زنجبار کو ذائقوں میں سمجھا جائے تو یہ بازار ایک پوری کتاب ہے۔ کباب کی سِلوں سے اٹھتی خوشبو، تازہ جھینگے، آکٹوپس، سی فوڈ پیزا، ناریل کے دودھ کا سوپ، تازہ گنے کا رس۔ ہر اسٹال پر روشنی، دھواں اور آوازیں مل کر ایک ایسا منظر بناتے ہیں جو صرف افریقہ میں ہی ممکن ہے۔ میں سمندر کی طرف رخ کرتے ایک بنچ پر بیٹھ گیا۔ سامنے سمندر تھا، اس پر لہروں کی مدھم سی چمک، اور تھوڑی دور وہ بڑا سا پتھریلا قلعہ اپنی موٹی دیواروں کے ساتھ خاموش کھڑا تھا، جیسے تاریخ کا کوئی سپہ سالار آج بھی پہرہ دے رہا ہو۔ رات کی روشنی میں اس قلعے کی دیواریں سنہری بھوری لگتی تھیں اور ان پر پڑتی ہوا کی سرسراہٹ میں صدیوں کی سرگوشیاں محسوس ہوتی تھیں۔ سمندر کے کنارے چند ملاح اپنی چھوٹی دھونیاں تیار کر رہے تھے۔ دور کہیں ڈھول کی ہلکی آواز آ رہی تھی۔ یہ ”تارو“ موسیقی کی مشق تھی جو عموماً قلعے کے اندر شام کو ہوتی ہے۔ میں نے قریب جا کر دیکھا۔ چند نوجوان، ہاتھوں میں پرانے سواحلی ساز، سروں کو ملاتے ہوئے گیت گا رہے تھے۔ ان کی آوازیں پتھروں سے ٹکرا کر واپس گونجتی تھیں جیسے یہ قلعہ آج بھی ان دھنوں کو اپنے اندر محفوظ کرتا ہو۔
یہی وہ لمحات تھے جن میں زنجبار اپنی اصل پہچان کھولتا ہے۔ عربی روح، افریقی دھڑکن، اور ہندوستانی مسالوں کی مہک ایک ساتھ مل کر جیسے ایک ایسی ثقافت بُن دیتے ہیں جو دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ ہم نے ایک اسٹال پر بیٹھ کر تازہ جھینگے کھائے اور ناریل کے دودھ کا سوپ پیا اور اپنے ہوٹل کی جانب چل دیے۔ گلیوں میں واپس آتے ہوئے میں نے وہ پرانی ریل کی لکیر بھی دیکھی جو اب مٹ چکی ہے مگر نشان چھوڑ گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جب زنجبار کی پہلی لائٹ ریل چلتی تھی تو لوگ دور دور سے اسے دیکھنے آتے تھے۔ اس کی پٹڑی سمندر کے ساتھ ساتھ گزرتی تھی اور اس کے چلتے ہی سارا ساحل دھواں اور سیٹی کی آواز سے بھر جاتا تھا۔ اس ریل کی سیٹی اب نہیں بجتی، مگر پرانی عورتیں آج بھی اپنے قصوں میں اس ریل کو ایسے یاد کرتی ہیں جیسے کوئی محبوب یاد کیا جاتا ہے۔ زنجبار میں شام صرف شام نہیں ہوتی، یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب تاریخ، موسیقی، خوشبو، انسان اور سمندر سب ایک ہی وقت میں آپ کا ہاتھ پکڑ کر کہانی سناتے ہیں۔
کل دارالسلام سے کراچی کے لئے روانگی تھی۔ یوں ہمارا افریقی سفر، جو تنزانیہ کے میدانوں سے شروع ہوا تھا، زنجبار کے ساحل پر آ کر مکمل ہوا۔ ”ہتاری“ ۔ وہ لفظ جو ابتدا میں صرف خطرہ لگتا تھا۔ اب ایک علامت بن چکا تھا: زندگی کی جستجو، فطرت کی قربت، اور تاریخ کی گہرائی کی۔


