میرے مطابق

آزاد جموں کشمیر میں خونریزی کا ذمہ دار کون؟

nawaz raza

بالآخر آزاد جموں کشمیر میں دو سال قبل حقوق کے نام پر شروع کی جانے والی ”جدوجہد“ وفاقی حکومت اور جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طویل اور اعصاب شکن مذاکرات کے بعد اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی ہے یہ معاہدہ 10، 12 روز قبل بھی خون خرابے اور تصادم کے بغیر بھی معاہدہ طے پا سکتا تھا لیکن ”ضد اور انا“ نے نوبت تصادم تک پہنچا دی۔ جب وفاقی حکومت نے محسوس کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال حکومت آزاد و جموں کشمیر کے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے تو اس نے مداخلت کر کے عوامی ایکشن کمیٹی کو معاہدہ پر راضی کیا۔ صورت حال کے گمبھیر کرنے میں حکومت آزاد جموں کشمیر کا بھی ایک کردار ہے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت آزاد جموں کشمیر کے درمیان جو معاملات بہت پہلے طے پا گئے تھے ان پر عمل درآمد میں دانستہ تاخیری حربے استعمال کیے گئے جس سے عوامی ایکشن کمیٹی کو عوام کو سڑکوں پر لانے کا جواز مل گیا اور نوبت پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن تک جا پہنچی وفاقی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لئے دو وفاقی وزراء امیر مقام اور ڈاکٹر طارق فضل پر مشتمل دو رکنی کمیٹی مظفر آباد بھجوائی گئی لیکن اس وقت تک عوامی ایکشن کمیٹی کے پاؤں بھی زمین پر نہیں لگ رہے تھے وفاقی وزراء کو بھی محدود مینڈیٹ دیا گیا تھا کمیٹی کے غیر لچک دار رویے کے باعث کمیٹی ناکام واپس آ گئی جس کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی پروگرام کے مطابق پہیہ جام اور ہڑتال کی کال پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے عوام کو سڑکوں پر لے آئی جس کے بعد پولیس اور عوام میں تصادم کے نتیجہ میں 10 سے زائد جانوں کا ضیاع ہوا۔

آزاد جموں کشمیر کا بیشتر علاقہ پہاڑوں پر مشتمل ہے جہاں پر دو چار بڑی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بآسانی پہیہ جام کرایا جا سکتا ہے سوال یہ ہے غیر سیاسی عناصر پر مشتمل تحریک کے مطالبات نے سیاسی رنگ کیوں اختیار کیا؟ اس تحریک کو ان عناصر نے ”ہائی جیک“ کرنے کوشش کی ہے جو ”خود مختار کشمیر“ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پلڑے میں تولتے ہیں ان کے لئے ”بھاڑ میں جائے پاکستان اور بھاڑ میں جائے ہندوستان“ کا نعرہ ہم وزن ہے خود مختار کشمیر کے حامیوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت کو انتہائی چالاکی سے یرغمال بنا لیا اور انہیں مہاجرین جموں کشمیر کی نشستیں ختم کرنے کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہونے دیا۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے کشمیریوں کو ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ دیا ان کی زندگی میں کسی کو پاکستان کے خلاف نعرہ لگانے کی جرات نہیں ہوتی تھی لیکن جوں ہی ان کی آنکھ بند ہوئی آزاد جموں کشمیر میں اسٹیبلشمنٹ آشیر باد پر قائم ہونے والی حکومتوں نے کشمیر کے آزاد خطے کے باسیوں کی نظریاتی سمت درست رکھنے کی بجائے اپنے اقتدار کو طوالت بخشنے کے لئے سیاسی عناصر میں ”مراعات“ کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع کر دیا جس سے عام آدمی میں مراعات یافتہ طبقہ کے خلاف تحریک نے جنم لیا۔ آزاد جموں کشمیر کی حکومت کے غیر لچکدار رویہ اور الزام تراشی کی سیاست نے عوامی ایکشن کمیٹی کو تقویت پہنچائی اگرچہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بھی اقتدار کے مزے لوٹ رہی تھیں لیکن عملی طور وہ انوار الحق کی حکومت گرنے کی منتظر تھیں انوار الحق اس بحران کا کوئی حل نکالنے میں ناکام رہے لیکن راولپنڈی سے آشیرباد کی وجہ سے ان کی حکومت نہ گری دوسری طرف وہ تمام سیاسی قوتیں جو کشمیر بنے گا پاکستان کی حامی ہیں اس صورت حال میں غیر موثر ہو کر رہ گئیں۔ جب پانی سر سے گزر گیا تو پھر تمام سیاسی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو گئیں اور انہوں نے غیر سیاسی عناصر کے چیلنج کو قبول کیا کشمیر کی فضاؤں میں ”پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعروں کی گونج سنائی دی ہر سو پاکستان کا پرچم لہراتا نظر آیا اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا گیا جماعت اسلامی جلد عوامی ایکشن کمیٹی کے سیاسی عزائم بھانپ گئی اور اس کی تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ خود مختار کشمیر کے حامیوں نے غیر سیاسی تحریک میں انتہائی چالاکی کے ساتھ مہاجرین جموں و کشمیر کی نشستوں کا معاملہ شامل کر کے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن اس کو حکومت پاکستان نے تسلیم کیا اور نہ ہی اسے آزاد جموں کشمیر کی سیاسی قیادت نے پذیرائی بخشی آئین میں ترمیم کا اختیار آزاد جموں وکشمیر کے منتخب نمائندوں کا ہے جو غیر سیاسی عناصر ایجیٹیشن کے ذریعے اپنے ہاتھ میں لینا چاہتے تھے جو کسی صورت انہیں نہیں دیا جا سکتا تھا۔

عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان معاہدہ میں حکومت آزاد جموں و کشمیر کا کوئی رول نظر نہیں آتا البتہ اس پر عملدرآمد کے لئے امیر مقام کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جب کہ دیگر ارکان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے امیر مقام ایک جہاندیدہ سیاست دان ہیں تحمل اور بردباری سے متنازعہ امور طے کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ معاہدہ 12 بنیادی اور 13 اضافی نکات پر مشتمل ہے۔ پرتشدد واقعات پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے، عدالتی کمیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ یکم اور 2 اکتوبر کے واقعات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو سیکیورٹی اہلکاروں کے برابر معاوضہ دیا جائے گا، زخمیوں کو 10 لاکھ اور ورثا کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ مظفرآباد اور پونچھ میں 2 نئے تعلیمی بورڈز قائم ہوں گے، تمام بورڈز کو وفاقی بورڈ اسلام آباد سے منسلک کیا جائے گا۔ منگلا ڈیم توسیعی منصوبے میں میرپور کے متاثرہ خاندانوں کو 30 دن میں زمین کا قبضہ دیا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 کی روح کے مطابق 90 دن میں ترامیم کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر حکومت 15 دن میں ہیلتھ کارڈ کے لئے فنڈز جاری کرے گی۔ آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں مرحلہ وار ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے بجلی نظام کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے دے گی۔ کابینہ کا حجم 20 وزراء/مشیران تک محدود ہو گا، سیکرٹریز کی تعداد بھی 20 سے زائد نہیں ہو گی۔ احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن ادارہ ضم، احتساب ایکٹ کو نیب قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ کہوری/کمسیر اور چھپلانی نیلم روڈ پر دو سرنگوں کی فزیبلٹی حکومت پاکستان تیار کرے گی۔ غیر حلقہ جاتی ارکانِ اسمبلی کے معاملے پر اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل، حتمی رپورٹ تک مراعات و فنڈز معطل رہیں گے۔ معاہدے میں شامل اضافی نکات درج ذیل ہیں بنجوسہ، مظفرآباد، پلندری، دھیرکوٹ، میرپور اور راولاکوٹ واقعات عدالتی کمیشن کے سپرد ہوں گے۔ میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ کا ٹائم فریم رواں مالی سال میں طے کیا جائے گا۔ جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس تین ماہ میں پنجاب و خیبرپختونخوا کے برابر کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ کے 2019 کے فیصلے کے مطابق ہائیڈل منصوبوں پر عملدرآمد ہو گا۔ دس اضلاع میں بڑے واٹر سپلائی اسکیم کی فزیبلٹی رواں سال مکمل ہو گی۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW