نوابزادہ نصراللہ خان کی یاد میں
پاکستان پون صدی سے سیاسی ہچکولے کھا رہا ہے کبھی پاکستان مارشل لاء کی گود میں دھکیل دیا جاتا ہے کبھی جمہوریت کی ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکے آنا شروع ہوتے ہیں تو جمہوریت کی بساط ہی لپیٹ دی جاتی ہے اور کبھی ہائبرڈ نظام کا راج آ جاتا ہے بس یوں کہیے کہ پاکستان تجربات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اب تک کوئی نظام پاکستان کو سیاسی استحکام نہیں دے سکا آئے روز پاکستان کو سیاسی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کوئی ملاح نہیں جو پاکستان کی ہچکولے کھاتی کشتی کو منزل مقصود تک پہنچا دے۔ یوں تو پاکستان میں لیڈروں کی بھر مار ہے لیکن ملک کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو ایک میز کے گرد جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
27 ستمبر 2025 ء خاموشی سے گزر گیا ہے اس روز پاکستان کی سیاست کے ”بے تاج بادشاہ“ نوابزادہ نصراللہ خان کی 22 ویں برسی تھی کوئی تقریب ہوئی اور نہ ہی جمہوریت کے بارے میں کوئی قابل ذکر سیمینار منعقد ہوا جس میں نوابزادہ نصر اللہ خان کو ان کی جمہوریت پسندی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہو میں نصف صدی سے زائد پیشہ صحافت سے وابستہ ہوں اس عرصہ کے دوران مجھے نوابزادہ نصراللہ خان کی قربت حاصل رہی ہے نیشنل پریس کلب جس کی پہلے راولپنڈی اسلام آباد پریس کلب کے نام سے شناخت تھی انہوں نے بارہا میری دعوت پر ”میٹ دی پریس پروگرام“ میں شرکت کی راولپنڈی و اسلام آباد میں ان کی سیاسی سرگرمیاں کور کرنے کا موقع ملا۔ نوابزادہ نصراللہ خان میں کم ازکم نکات پر سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی صلاحیت تھی میرا 1970ء سے نامور صحافی آغا شورش کاشمیریؒ اور نوابزادہ نصر اللہ خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقت کے ساتھ ساتھ ارادت میں تبدیل ہو گیا جب بھی وہ دونوں اسلام آباد کا رخ کرتے تو ان سے پہروں ملکی سیاست پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملتا پاکستان کی سیاست میں چند صاف ستھرے کردار کی مالک شخصیات ہیں ان میں نوابزادہ نصراللہ خان کا نام نمایاں ہے۔ پاکستان میں جب بھی جمہوریت کی بساط لپیٹ دی جاتی ہے اور ملک میں آمریت کی سیاہ تاریک رات مسلط کر دی جاتی ہے تو نوابزادہ نصراللہ خان کی بہت یاد آتی ہے نوابزادہ نصراللہ خان کو ”بابائے جمہوریت“ کا خطاب یوں ہی نہیں دیا گیا وہ ہمیشہ غیرجمہوری قوتوں کے خلاف شمشیر برہنہ ہوتے تھے اور جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے ان کا کم و بیش پون صدی تک ملکی سیاست میں اہم کردار رہا ہے انہیں جہاں غیر جمہوری حکومتیں گرانے میں ید طولیٰ حاصل تھا وہاں وہ عمر بھر پارلیمانی جمہوری نظام کے استحکام کے لئے کوشاں رہے۔ نوابزادہ نصراللہ خان نے تحریک خلافت میں ایک بار ترکی ٹوپی کیا پہنی پھر ترکی ٹوپی ان کی شناخت بن گئی وہ روایتی حقہ پینے کے عادی تھے جو ان کی زندگی کا جزو لاینفک بن گیا ان کی وفات کے 23 سال بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ان کے ”حقہ اور ٹوپی“ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آئین 1973 ء کی راہداری میں رکھ دیا ہے۔
بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی لاہور میں 32 نکلسن روڈ پر رہائش گاہ ان کی زندگی میں آباد رہی لیکن لاہور میں جہاں کئی تاریخی عمارات تجارتی مراکز میں تبدیل ہو گئیں وہاں نوابزادہ نصر اللہ خان کی رہائش گاہ بھی تجارتی مرکز کی بھینٹ چڑھ گئی ہے نواب زادہ نصر اللہ نے اپنی زندگی میں اپنا ”سیاسی ڈیرہ“ تبدیل نہیں کیا اس ڈیرے پر آصف علی زرداری، بے نظیر بھٹو، نواب اکبر بگٹی، مولانا فضل الرحمٰن سمیت ملک کے بڑے بڑے لیڈروں کی آمد و رفت لگی رہتی تھی آج 32 نکلسن روڈ ویران ہو گیا ہے کاش نوابزادہ نصراللہ کی رہائش گاہ قومی ورثہ کا ادارہ اپنی تحویل میں لے لیتا تاکہ اس تاریخی عمارت کی مناسب طریقے سے حفاظت کی جا سکتی۔ مرحوم نوابزادہ نصراللہ خان عمر کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر قدرے برہمی کا اظہار کرتے تھے ان کی 87 سال کی عمر میں وفات ہوئی انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانس اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں لی جب رات کے پچھلے پہر ان کا جسد خاکی خان گڑھ کے لئے روانہ ہوا تو میں بھی اشکبار آنکھوں سے اسے رخصت کرنے والوں میں شامل تھا، نواب صاحب بستر علالت پر اے آر ڈی کے اجلاس کے بارے میں استفسار کر رہے تھے نوابزادہ نصرا اللہ خان کو خان گڑھ واپس جانے کی بڑی جلدی تھی وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے اپنے پولیٹیکل سیکریٹری جمشید ملک سے سرائیکی زبان میں کہا ”سامان بھدو چلوں میں ٹھیک آں“ (سامان باندھیں گھر چلتے ہیں میں ٹھیک ہوں ) لیکن اگلے روز ان کا جسد خاکی خان گڑھ کے لئے روانہ ہوا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانداد خان اب اس دنیا میں نہیں ہیں انہوں نے مجھے بتایا تھا ایوب حکومت میں صدارتی انتخابات کے دوران نوابزادہ نصراللہ خان کو زہر دینے کا پروگرام بنایا گیا توان کی مخالفت کے باعث یہ پروگرام ڈراپ کر دیا گیا میں نے یہ بات نوابزادہ نصراللہ خان کو ان کی زندگی میں بتائی تو انہوں نے مسکرا کر کہا کہ زندگی اور موت خداوند کریم کے ہاتھ میں ہوتی ہے اگر انسانوں کے ہاتھ میں ہو تو کسی کو جینے نہ دیں۔ نوابزادہ نصراللہ خان ملکی سیاست پر پون صدی تک چھائے رہے نوابزادہ نصر اللہ خان کو ایوب خان، یحییٰ خان، ذوالفقار علی بھٹو، ِ ضیا الحق، بینظیر بھٹو اور نواز شریف کی حکومتوں کے خلاف تحاریک چلانے کا اعزاز حاصل ہے 70ء کے عشرے میں نواب زادہ نصراللہ خان کے بارے میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایا تھا کہ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو دور میں نوابزادہ نصر اللہ خان کے اثاثوں کی چھان بین کی تو کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا بلکہ ان کے اثاثوں میں کمی دیکھی گئی وہ خاندانی زمین بیچ کر سیاست کرتے تھے سیاست سے کچھ کمایا نہیں بلکہ اسے کچھ دیا ہی۔ آئس کریم نوابزادہ نصراللہ خان کی کمزوری تھی ایک بار بینظیر بھٹو نے ان سے ازراہ مذاق کہا کہ ”ہم تو آپ کی کمزوری تلاش کرتے رہے ہمیں معلوم نہیں تھا کہ آئس کریم آپ کی کمزوری ہے۔ پی این اے کی تحریک کے دوران میں نے بزرگ صحافی سعود ساحر مرحوم کے ہمراہ نوابزادہ نصراللہ خان کی گاڑی کا ہری پور جیل تک تعاقب کیا اور ان کی مفتی محمود سے ملاقات کی خبر نکالی وہ ذوالفقار علی بھٹو سے مذاکرات کے سلسلے میں مفتی محمود سے مشاورت کے لئے ہری پور جیل گئے تھے۔
آج پاکستان ایک بار پھر ”ہائبرڈ نظام“ کے تجربات سے گزر رہا ہے اس نظام کے خلاف تحریک جن ہاتھوں میں ہے ان میں سے کوئی بھی نواب زادہ نصرا اللہ خان کا ہم پلہ ہے اور نہ ہی ان جیسی تحریک چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے ملکی سیاست سیاسی بونوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے ایسے حالات میں نوابزادہ نصراللہ خان کی بہت یاد آتی ہے۔

