بلاگ

حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ

syed arshad rizvi

ٹی وی چینلز اور اخبارات میں سرکاری ترقیاتی سکیموں کے اشتہارات کی بارش ہو رہی ہے اور ہمیشہ ہی ہوتی رہی ہے۔ اشتہارات سے یوں لگتا ہے جیسے اس پراجیکٹ پر خرچ ہونے والی تمام رقم صاحبِ؍صاحبہ تصویر نے اپنی جیب سے خرچ کرنی ہے حالانکہ تمام تر ترقیاتی سکیمیں عوام کے ٹیکسوں سے ہی بنتی ہیں خواہ ورلڈ بنک، آئی ایم ایف، ایشین ترقیاتی بینک یا کوئی اور عالمی ادارے نے اس سکیم کے لئے قرض دیا ہو، قرض بمعہ سود کی واپسی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہی ہوتی ہے۔ وہ پیسہ بھی عوام کا خون نچوڑ کر واپس کیا جاتا ہے جو نوکر شاہی ’باپ کا مال‘ سمجھ کے اپنی تجوریوں میں ٹھونس لیتی ہے۔ ’عوام کے منتخب نمائندے‘ ہوں یا عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں اور مراعات لینے والے ’منصف‘ ، کسی نے بھی عوام کی جیبوں کو کاٹنے سے دریغ نہیں کیا۔ کسی نے بھی اس ملک کے پھلنے پھولنے اور عام آدمی کی خوشحالی کے لئے کام نہیں کیا۔ ملک و قوم پر اپنے ذاتی مفادات کو اہمیت دی۔ حلف برداری محض ایک تقریب ہے جیسے ایک جرنیل نے کہا تھا آئین کیا ہے! چند کاغذوں کا پلندا، جب چاہوں اپنے بوٹ تلے کچل دوں۔ ہمارے اراکینِ پارلیمنٹ، انصاف کی کرسی پہ رعونت سے بیٹھنے والے منصف یا سرحدوں کے پاسبان، سب نے حسبِ توفیق حصہ لینے میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی۔

ان ترقیاتی سکیموں کے ٹی وی، ریڈیو، اور پرنٹ ذرائع سے پروپیگنڈا کے لئے لاکھوں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں جن کا مقصد ذاتی تشہیر ہوتا ہے۔ پیسے غریب عوام کے اور شہرت بیچارے اُمرا، روساء، اور اشرافیہ کی ہے۔ اسے ہی تو کہتے ہیں ہلدی لگے نہ پھٹکری رنگ چو کھا آئے۔

بھلے وقتوں کی بات ہے ایک اخبار ہوتا تھا جس کا نام ’امروز‘ تھا۔ اُس اخبار میں مستقل کالم نگاروں میں منوں بھائی کا کالم ’گریبان‘ کے عنوان سے شائع ہوتا تھا۔ مجھے پورا کالم تو یاد نہیں البتہ اتنا یاد ہے کہ ایک کالم میں منوں بھائی نے لکھا تھا کہ جس روز ٹریفک سارجنٹ مجھے محض اس لئے نہیں روکے گا کہ اس کی جیب میں دس بیس روپے ڈال دوں، پٹواری بغیر بھتہ لئے مجھے میری زمین کی فرد دے گا، اور نقل برانچ کا بابو دس بیس روپے رشوت لینے کے لئے مجھے بار بار کچہری کے چکر نہیں لگوائے گا، میں سمجھوں گا حکومت تبدیل ہو گئی ہے۔ یہ اخبار 4 مارچ 1948 کو پہلی بار شائع ہوا۔ اس کے بانی مدیر اعلیٰ فیض احمد فیض اور بانی مدیر چراغ حسن حسرت تھے۔ آخری شمارہ 24 اکتوبر 1991 کو شائع ہوا تھا۔ کیا 1991 کے حالات آج 2025 میں بھی وہی نہیں ہیں! بلکہ اس سے بھی بد تر۔

ایسا نظام حکومت جس کی فیصلہ سازی میں عوام الناس (خطِ غربت سے نیچے رہنے والے بھی عوام الناس کہلاتے ہیں ) شریک ہوں جمہوریت کہلاتا ہے۔

جس نظامِ حکومت کی فیصلہ سازی میں عوام الناس شریک نہ ہوں، عوام الناس کی ضرورتوں، امنگوں، اور خوابوں کو قطعاً نظر انداز کیا جاتا ہو اسے جمہوریت نہیں کہہ سکتے بے شک منتخب اراکین پر مبنی پارلیمنٹ (قومی اسمبلی اور سینٹ) متحرک ہویا خوابِ خرگوش کے مزے لے۔ جمہوریت میں چونکہ معاشرے کے تمام طبقوں کے مفادات کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے اس لئے معاشرے کے بنیادی یونٹ یونین کونسل سے ہی عوام کو با اختیار کیا جاتا ہے۔ اسی طرح شہروں میں بنیادی یونٹ، میونسپل کمیٹی کی سطح سے ہی انتخابات کو اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ جمہوریت کا بنیادی یونٹ اگر فعال نہ ہو، عوام کے منتخب نمائندوں کو با اختیار نہ کیا جائے تو ایسی جمہوریت جمہور سے بے بہرہ اور اشرافیہ کے مفادات کی نگہبان ہوتی ہے۔

عوام کے ٹیکسوں سے بنائے گئے ترقیاتی منصوبوں (سڑکیں، پُل، اسکول، صحت کی سہولیات وغیرہ) پر منتخب نمائندوں (وزیر اعظم۔ وزیر اعلیٰ۔ ایم این اے، ایم پی اے ) کے ناموں کے جلی بورڈ در حقیقت جمہوریت کی نفی ہے۔ ہمارے حکمران ان ترقیاتی سکیموں پر اپنے نام کے بورڈ اس دھڑلے سے لگواتے ہیں جیسے اس سکیم (سڑک، پل، اسکول یا ڈسپنسری) پر انہوں نے اپنی جیب سے خرچ کیا ہو گویا حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ، یہ محاورہ ایسے ہی موقعوں پر بولا جاتا ہے۔ پاکستان میں شہری حکومتوں کے نہ ہونے یا کمزور ہونے کے پس منظر میں ایک وجہ یہ بھی ہے کہ منتخب ایوانوں کے اراکین ترقیاتی فنڈ یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی جیسے بنیادی یونٹ کو ٹرانسفر نہیں کرنے دیتے کہ ایسا کرنے سے اُن کی چوہدراہٹ کو خطرہ ہے۔

جمہوریت میں قومی اسمبلی کے اراکین کا کام ترقیاتی منصوبوں پر بحث و تمحیص کے بعد منظوری دینا ہوتا ہے۔ متعلقہ وزارت اس منصوبے کے خد و خال پر کام کرنے اور اس پر خرچ کا تخمینہ بنا کر وزارت خزانہ کو بھیجتی ہے۔ منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری مقامی یا شہری حکومت کی ہوتی ہے جسے عوام کے منتخب نمائندے دیکھتے ہیں۔ آج پاکستان میں جو نظامِ حکومت رائج ہے وہ آدھا تیتر آدھا بٹیر ہے۔ ہماری فوج نے بارہا کہا ہے کہ انہیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، ’بارہا‘ کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے! تاہم اب تو پردہ داری بھی نہیں ہے کہ یہ وطن ہمارا ہے تم ہو خوامخواہ اس میں۔ جمہوری نظامِ حکومت میں اراکین کی خرید و فروخت کا مطلب اس کے سوا کچھ نہیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

نیلسن منڈیلا نے کہا تھا ”جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا نام نہیں، بلکہ مساوات، آزادی اور انسانی احترام کا نام ہے۔“

نیلسن منڈیلا نے جمہوریت کی جو تعریف کی ہے ہماری جمہوریت ’ووٹ ڈالنے‘ کی پہلی شرط پر ہی پورا نہیں اُترتی، ہم ووٹ کسے ڈالتے ہیں گنتی کسی اور کی بڑھ جاتی ہے گو یا ووٹنگ میں ہی ’جمہوریت‘ اپنا رنگ دکھا دیتی ہے۔ اس کے بعد آتی ہے باری مساوات، آزادی اور انسانی احترام کی، جس ملک کی آبادی کا 44.7 فیصد حصہ خطِ غربت سے نیچے جی رہا ہو اُس معاشرے میں مساوات کی بات بھی کرنا 44.7 فیصد آبادی کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے : شورِ پندِ ناصح نے زخم پر نمک چھڑکا آپ سے کوئی پوچھے، تم نے کیا مزہ پایا؟

مساوات کا یہ حال ہے تو آزادی کیسی اور کس کی؟ کس سے؟ پیٹ بھرا ہو تو محبت، سیر و تفریح، سیاحت، فنونِ لطیفہ اور آزادی کی باتیں ہی سوجھتی ہیں بھوکے پیٹ سے پوچھو چاند کیسا ہے تو جواب آئے گا ’گول روٹی جیسا‘ ۔ چاند کا حسن اور رومانس سارا بھک سے اُڑ گیا ناں!

گندم امیرِ شہر کی ہوتی رہی خراب بیٹی مگر غریب کی فاقوں سے مر گئی
انسانی احترام تو انسانوں کا ہوتا ہے کیڑے مکوڑے تو انسانوں کے پاؤں تلے مسئلے جانے کے لئے ہوتے ہیں۔

پاکستان جو اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے اس کے آئین میں شہریوں کو حصولِ روزگار کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی ہے لیکن ”آئین میں بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں کے تحت شہریوں کو روزگار کے حصول کے مواقع فراہم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 (اے ) میں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کم از کم ضروری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرے“ (وکیپیڈیا) ۔

منتخب نمائندوں سے یہ توقع رکھنا کہ وہ اپنے حلقہ ٔ انتخاب کے لئے حکومت سے ترقیاتی سکیم منظور کروائیں گے، جمہوریت کی نفی ہے۔ ارکانِ پارلیمنٹ کا کام آئین کے مطابق قانون سازی اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے سیاستدانوں کا ترقیاتی سکیموں کے بلند بانگ وعدے کرنا اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرنا ہے۔ دراصل یہ کام بنیادی یونٹس کے منتخب نمائندوں کا ہے کہ وہ اپنے علاقے اور عوام کی ضرورت کے مطابق ترقیاتی سکیم اور فنڈز کا مطالبہ کریں چونکہ امیدوار لوگوں کی توقعات اپنی ذات سے منسوب کرواتے ہیں اس لئے ہمارے منتخب ارکانِ پارلیمنٹ ہی مسیحا سمجھے جاتے ہیں حالانکہ یہ جمہوریت کی نفی ہے۔

” جمہوریت ایک ایسا نظام ہے جس میں عوام کے فیصلے سے ہی حکومت بنتی ہے اور عوام ہی اس کے نگہبان ہوتے ہیں۔ “ ( ابوالکلام آزاد)

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW